بلدیہ کوٹلی نے شہر کی تمام وارڈوں میں صفائی مہم کے لیے پلان ترتیب دے،آغاز آج کیا جائے گا‘ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی

منگل 25 اپریل 2017 20:49

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء)بلدیہ کوٹلی نے شہر کی تمام وارڈوں میں صفائی مہم کے لیے پلان ترتیب دے،آغاز آج کیا جائے گا،صفائی کے ساتھ ساتھ ملیریا سے بچاؤ کے لیے سپرے بھی کیا جائے گا۔ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی سردار عقیل محمود کہتے ہیں صحت وصفائی ہماری اولین ذمہ داری ، ہم اپنے حصے کا فرض ہرقیمت پر ادا کرینگے لوگوں سے تعاون کی اپیل ہے۔

سردار عقیل محمود نے اپنے آفس میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی اولین ذمہ داری ہوتی شہر کو صاف وستھرا رکھنا ،صفائی ستھرائی کی ہماری ٹیمیں روٹین سے کام کاج میں مصروف ہیں مگر ہم نے محسوس کیا کہ حدود بلدیہ کے تمام علاقوں کی ایک بار جنرل صفائی ہونی چاہیے اس سوچ کو عملی جامع پہناتے ہوئے ہماری ٹیم نے پلان تیار کردیا ہے جس کا آغاز26اپریل سے پائلٹ سکول سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہم نے ڈی ایچ او آفس بات کی تو انھوں نے ملیریا سے بچاؤ کے لیے سپرے فراہم کرنے کی حامی بھری اور لوگوں کے لیے یہ خوش خبری ہے کہ اُن کے علاقوں میں صفائی کے ساتھ ساتھ ملیریا سے بچاؤ کی سپرے بھی کی جائے گی۔ سردار عقیل محمود کا کہنا تھا کہ اس اہم مہم میں جتنے دن مرضی لگیں ہمیں کوئی پریشانی نہیں کیونکہ صفائی ستھرائی کا روٹین ورک بھی جاری رہے گا اور خصوصی مہم بھی شروع رہے گی اگر کسی ایک وارڈ کی صفائی ستھرائی میں چار پانچ دن بھی لگیں تو بھی لگائیں گے اور یہ مہم اُس وقت تک انجام کو نہیں پہنچے گی جب تک ہم مطمئن نہ ہوجائیں اور عوام کو مطمئن نہ کرلیں۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی کا کہنا تھا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، شہر کی صفائی ستھرائی ہم پر فرض اور ہم اپنے اس فرض کی ادائیگی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے اور یہ توقع بھی رکھتے ہیں عوام بھی اپنے حصے کی ذمہ داری بلدیہ کوٹلی سے تعاون کرکے ضرور نبھائیں گے۔