کٹھ پتلی انتظامیہ نے طلباء کیساتھ ظالمانہ سلوک ترک نہ کیا تو ساری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، شبیر شاہ

دانش گاہوں کو قتل گاہوں میں تبدیل کیا جارہا ہے ،کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے بھارتی فوج اور پولیس کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، بیان

منگل 25 اپریل 2017 22:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اورڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے طلباء کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دانش گاہوں کو قتل گاہوں میں تبدیل کیا جارہا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے بھارت فوج اور پولیس کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں طلباء کے ساتھ کٹھ پتلی انتظامیہ کے ظالمانہ سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگریہ رویہ ترک نہ کیا گیا تو ساری قوم طلباء کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی ۔ انہوںنے طلباء کے خلاف گولیوں اور پیلٹ کے بے تحاشا استعمال پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ گزشتہ سال عوامی انتفادہ کے دوران تعلیمی ادارں کو کھولنے کے لئے سرکاری مشینری استعمال کررہے تھے اور آج ان ہی تعلیمی اداروں میں فوج اور پولیس تعینات کرکے طلباء اور طالبات کو گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پولیس جن بچوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے اوران کے ہاتھوں سے قلم دوات چھین رہی ہے ، وہ ہمارا مستقبل ہیں اور ان میںپولیس والوں کے بچے اور رشتہ دار بھی شامل ہے۔ انہوں نے طلباء کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ ہماری نوجوان نسل جذبہ آزادی سے معمور ہے ۔شبیر احمد شاہ نے تعلیمی اداروں میں بھارتی فوج اور پولیس تعینات کرنے کو کٹھ پتلی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے دلوں میں موجود جذبہ آزادی سے خائف ہیں۔

حریت رہنما نے وادی بھر میں سیاسی رہنمائوں ،نوجوانوں اور حریت پسند کارکنوںکی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف نو جوانوں کو تختہ مشق بناکر ان کی نسل کشی کے لئے بھارتی فوج کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور دوسری طرف شبانہ چھاپوںکے دوران معصوم نوجوانوں کو گرفتار اور انکے اہلخانہ کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔دریں اثناء شبیر احمد شاہ کی ہدایت پرپارٹی کا ایک وفد شہید یونس مقبول کے اہلخانہ سے اظہاریکجہتی کے لیے حیات پورہ چاڈورہ میں ان کے گھر گیا۔ وفد میں پارٹی رہنما مولانا محمد عبداللہ طاری ،انجینئر فاروق احمد اورمولوی بشیر احمد شاہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :