کشمیر پر بھارتی قبضے کے خاتمے تک خطے میں غیر یقینیت کے بادل منڈلاتے رہیں گے، محمد یاسین ملک

بھارت اور کٹھ پتلی حکمران کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہوئے ،آئندہ بھی ہونگے،کشمیری اب بھارت کے کسی دھوکے میں آنیوالے نہیں ہیں، تقریب سے خطاب

منگل 25 اپریل 2017 22:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ خطے میں غیر یقینیت کے بادل اس وقت تک منڈلاتے رہیں گے جب پر جموں وکشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ ختم نہیں ہوجاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلی نے اپنے اقتدار کو توسیع دینے کیلئے دہلی میں اپنے آقائوں کو کشمیریوں کے خلاف مزید ظالمانہ کاروائیاں کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری گزشتہ دس ماہ سے معصوم لوگوں کے قتل عام،نوجوانوں کو اندھا اور معذوربنانے ، انہیں گرفتار کرنے اورکشمیریوں کی تذلیل جیسی انسانیت سوز کارروائیوں کا سامنا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا اس کے باوجود بھارت اور اس کے کٹھ پتلی حکمران کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے فریب کارانہ حربوں سے بخوبی واقف ہیں اور وہ اب کسی دھوکے میں آنے والے نہیں ہیں ۔

فرنٹ چیئرمین نے کہ بھارت کے ظالمانہ حربوں اور دھوکہ دہی کی سیاست سے کشمیر ی عوام اب اس قدر مانوس ہوئے ہیں کہ سکول جانے والے بچے اپنے کندھوں پر کتابوں کے بیگ اٹھائے بھارتی فورسز کا مقابلہ کرنے سڑکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا جو قوم جابرانہ قبضہ ختم کرنے کا قصد کرچکی ہو اور اس کیلئے ہرممکن قربانیاں پیش کررہی ہو اس کو فوجی طاقت سے ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا ۔

یاسین ملک نے کہا کہ بھارت اور اسکے کٹھ پتلیوں کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو انکی خواہشات کے مطابق کریں جو خطے میں پائیدار امن ، استحکام ، بھائی چارے اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ محمد یاسین ملک نے شہید مولانا شوکت احمد شاہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :