ڈان لیکس کی رپورٹ بدل سکتی ہے مگر سانحہ ماڈل ٹائون کی نہیں،خرم نواز گنڈا پور

منگل 25 اپریل 2017 23:49

ڈان لیکس کی رپورٹ بدل سکتی ہے مگر سانحہ ماڈل ٹائون کی نہیں،خرم نواز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ نیوز لیکس کی رپورٹ بدل سکتی ہے مگر سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشنل کمیشن کی نہیں ۔جسٹس باقر نجفی جیسے باوقار اور جرات مند ججز کی وجہ سے انصاف کا جنازہ نہیں اٹھا ۔عوام کا لاوا پھٹا تو مصلحتوں کی پوشاک میں لپٹے فیصلے کام نہیں آ سکیں گے اور پھر عوام کا سمندر اپنا راستہ خود بنائے گا ۔

وہ گزشتہ روز یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ قوم گواہ ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 4 ماہ پہلے کہہ دیا تھا کہ پانامہ ہو یا نیوز لیکس حکمرانوں کا محاسبہ نہیں ہو سکے گا ،کیونکہ جو نظام 100شہریوں کے تڑپتے جسم دیکھ کر بھی ٹس سے مس نہ ہو وہاں کسی مظلوم کو انصاف نہیں مل سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کا دامن ماڈل ٹائون کے 14 شہدا اور کروڑوں غریب پاکستانیوں کی امنگوں کے خون سے تر ہے آج نہیں تو کل ان کا یوم حساب ضرور آئے گا مگر عوام نے ملکی اداروں سے جو امیدیں وابستہ کی تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے بعد ظالم اور سفاک حکمرانوں کو یقین ہو گیا ہے یہاں کچھ بھی ہو جائے،کچھ نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے فیصلے میں ایسا کیا تھا کہ اسے طویل عرصہ تک محفوظ رکھا گیا اور اب طویل عرصہ کے بعد ڈان لیکس کی انکوائری سامنے لائی جا رہی ہے جو باضابطہ اعلان سے قبل ہی لیک کر دی گئی ہے اور اس میں کچھ بکروں کی قربانی پر اکتفا کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دونوں فیصلوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ایوان اقتدار میں ایک ایسا مافیا بیٹھا ہے جو قانون سے بالا اور ملکی اداروں سے زیادہ طاقتور ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری اول روز سے کہہ رہے ہیں کہ ظالم اور سفاک حکمرانوں کے خاتمہ اور نظام بدلنے کیلئے سب کو مل کر نکلنا ہو گا ورنہ ایک خاندان قوانین اور قومی وسائل کو اپنے لئے استعمال کرتا رہے گا ۔