وزیر مملکت انوشہ رحمن کی ’’اقوام متحدہ کانفرنس برائے تجارت و ترقی‘‘ میں شرکت اور علی بابا گروپ کے بانی چیئرمین جیک ما سے ملاقات

بدھ 26 اپریل 2017 19:47

وزیر مملکت انوشہ رحمن کی ’’اقوام متحدہ کانفرنس برائے تجارت و ترقی‘‘ ..
جینوا/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن نے ای کامرس ویک 2017ء کے سلسلے میں اقوام متحدہ کانفرنس برائے تجارت و ترقی میں شرکت کی۔ اس کامرس ویک کے موقع پر وزیر مملکت نے علی بابا گروپ کے بانی اور چیئرمین جیک ما سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے جیک ما کو حالیہ ترقی کے بارے میں آگاہ کیا جس میں گزشتہ دو سالوں سے 40 ملین سے زائد افراد موبائل براڈ بینڈ کے ذریعے منسلک ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ٹی کی رسائی کیلئے کئی ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جن میں لڑکیوں کیلئے آئی ٹی گرلز پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے درمیانے اور چھوٹے درجہ کے کاروباروں کی تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آن لائن آئیں اور اپنی مصنوعات کی مارکیٹ سے مکمل فائدہ اٹھائیں اور ای کامرس کے ممکنہ فوائد حاصل کریں۔

انہوں نے علی بابا کو تجویز پیش کی کہ وہ پاکستانی ایم ایس ایم ایز کی تربیت کے ذریعہ پاکستان میں آن لائن مشترکہ منصوبے شروع کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ علی بابا کی پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کی تجویز بھی دی۔ جیک ما نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی ترقی کو سراہا اور وزیر مملکت کی تجویز کو سراہتے ہوئے اس کی پاسداری پر اتفاق کیا۔

انہوں نے اس سال پاکستان کے دورے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور لڑکیوں کے آئی سی ٹی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی لڑکیوں سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ وزیر مملکت نے فرینڈز آف ای کانف نس برائے ترقی کی وزارتی اجلاس میں شرکت کی جو ڈبلیو ٹی او کے کئی ترقی پذیر ممالک کے اراکین کیلئے ای پر بحث کو فروغ دینے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔