وزیراعظم نوازشریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی مری میں ملاقات- تفصیلات خفیہ رکھی جارہی ہیں- بھارت کا تین رکنی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا - نجی ٹی وی کا ذرائع کے حوالے سے انکشاف

جمعرات 27 اپریل 2017 15:55

وزیراعظم نوازشریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی مری میں ملاقات- ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27اپریل۔2017ء) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال نے ملاقات کی ہے ملاقات کی تفصیلات خفیہ رکھی جارہی ہیں۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تفصیلات کے مطابق بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سمیت بھارت کا تین رکنی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

بھارتی وفد میں سجن جندال، سوکیت سنگال،وریندرببرسنگھ شامل تھے۔ تین رکنی وفد گزشتہ رات 10بجے اسلام آباد سے مری گیا تھا۔ذرائع کے مطابق غیراعلانیہ دورے پرآنےوالابھارتی وفد 3 گاڑیوں میں مری روانہ ہوا۔ بھارتی وفد نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔خیال رہے کہ کلبھوشن اوراحسان اللہ احسان کے”را“سے متعلق انکشافات کے بعدجندال کی آمدسوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج نے کلبھوشن یادیوکوبھارت کابیٹاقراردیا تھا۔ خیال رہے کہ رواں ماہ راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن کو سزا کے فیصلے کے نتائج پرغورکرلے، دونوں ملکوں کے تعلقات پرکیا اثر پڑے گا اس کا بھی جائزہ لے۔یاد رہے کہ سجن جندال وزیراعظم نوازشریف کی نواسی کی شادی میں بھی شریک ہوئے تھے جبکہ نریندرمودی کو رائے ونڈ لانے میں بھی سجن جندال کا اہم کردار بتایا جاتا ہے۔