وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کااجلاس،لوڈمینجمنٹ پلان پربریفنگ

وزیراعظم کابجلی کی لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی نہ ہونےپراظہاربرہمی،متعلقہ اداروں نےبروقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی؟بجلی کی صورتحال پرمانیٹرنگ ٹیم تشکیل دینےکی ہدایت،بجلی کی لوڈشیڈنگ کےذمہ داروں کاتعین کیاجائے،وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 اپریل 2017 17:58

وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کااجلاس،لوڈمینجمنٹ پلان ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔28اپریل2017ء) : وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کاچوتھا اجلاس ہوا،جس میں نیپرا کے ساتھ ٹیرف اور گرمیوں کے لیے لوڈمینجمنٹ پلان پر بھی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی نہ ہونے پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اجلاسوں میں دی جانی والی ہدایات پرعمل کیوں نہیں کیاجارہا؟،متعلقہ اداروں نے بروقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سیکریٹری پانی وبجلی نے بجلی کی پیداواراورطلب پربریفنگ دی۔ انہوں نے نیپرا کی طرف سے اپ فرنٹ ٹیرف سے متعلق امور اور موسم گرما کے لئے لوڈ مینجمنٹ پلان سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کو بتایاکہ بجلی کی 866میگاواٹ پیداوار اپریل کے مہینے میں نظام میں بحال کر دی گئی ہے اور مئی 2017ء کے وسط تک مزید 400میگاوٹ بجلی نظام میں شامل کی جائے گی ۔

وزیر پانی و بجلی نے اجلاس کو بتایاکہ بجلی کے نظام میں رکاوٹیں دور کرنے کا پروگرام دسمبر 2017ء تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اجلاس کو پاکستان میں سولر پاور منصوبوں کی فنڈنگ کے حوالے سے عالمی بینک کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال کی ہر گھنٹے بعد نگرانی کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یہ ٹیم بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی نگرانی کے بارے میں بھی ہفتہ وار بنیاد پر رپورٹ دے۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی ، سیکرٹری خزانہ اور وزیر اعظم کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ غیر فعال آئی پی پیز سے متعلق مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل وضع اور دو روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ بجلی کی پیداوار کے پلانٹس کی فرنس آئل سے ری گیسیفائیڈ لیکوڈ نیچرل گیس (آر ایم جی) اور کوئلے پر منتقلی کا متوازن منصوبہ وضع کیاجائے اور توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں یہ منصوبہ پیش کیاجائے جس سے حکومت کو تمام شعبوں کے لئے بجلی کی لاگت مزید کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام نے شرکت کی ۔