پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لیے کشمیر اور گلگت بلتستان کو فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 29 اپریل 2017 01:37

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لیے  کشمیر ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اپریل2017ء) پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لیے کشمیر اور گلگت بلتستان کو فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کی فہرست میں ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر ریجنز کو شامل کرکے کشمیر اور گلگت بلتستان کو نظر انداز کیے جانے پر انہیں شدید اعتراض ہے۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ کشمیر یا گلگت بلتستان کی ٹیم کو خریدنے کے لیے سب سے بڑی آفر یا بڈ کرنے کرنے کو تیار ہیں۔ جاوید آفریدی نے حیرت کا اظہار کیا کہ فاٹا کو بھی چھٹی ٹیم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کے لیے پی سی بی نے بڈز مانگتے ہوئے پانچ ریجنز حیدر آباد ،ڈیرہ مراد جمالی ،فاٹا ،فیصل آباد اور ملتان کو فہرست میں شامل کیا ہے۔