سید علی گیلانی کی تصنیف ’’اقبالؒ․․․روحِ دین کا شناسا‘‘ کی تقریب رونمائی

ہفتہ 29 اپریل 2017 19:16

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنی کتاب ’’اقبالؒ․․․روحِ دین کا شناسا‘‘ کی تقریب رونمائی پر پابندی کے بعد آج دفتر میں موجود چند پارٹی عہدیداروں اوردفتری عملے کے ساتھ کتاب کی تقریب رونمائی انجام دی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ کتاب کی تیسری جلد ہے جوسید علی گیلانی نے نظربندی کے دوران مکمل کرلی ہے اور جو حال ہی میں شائع ہوگئی ہے۔

سید علی گیلانی نے اس موقع پر ادبی طرز کی تقریب پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے پابندی کی شدید مذمت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ کتاب کی تقریب رونمائی 23اپریل کو منعقد ہونی تھی لیکن بھارتی پولیس نے اس روز تحریک حریت کے دفتر اور سید علی گیلانی کی رہائشگاہ کو سیل کردیا تھااور کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تقریب پر پابندی کے باوجود کتاب کی تیسری جلد مکمل اور شائع ہونے کی خبر عام ہوگئی تھی اور اس کی مانگ روز بروز بڑھ رہی تھی اور لوگ رونمائی سے پہلے ہی اس کے لیے آرڈربھیج رہے تھے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ اس صورتحال کے پیشِ نظر آج 29اپریل ہفتے کو کتاب کی رونمائی انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس کے لیے مہمانوں کی ایک مختصر اور محدود تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہاکہ دفتری عملے کے بعد جب مدعو مہمان تشریف لانے لگے تو بھارتی پولیس نے ایک بار پھر دفتر کو سیل کردیا اور اس کی طرف جانے والے راستے پر خاردار تار بچھادی۔ کسی مہمان کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں واپس جانے پر مجبور کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ مجبور ہوکر مجوزہ تقریب کو دفتر میں موجود تحریک حریت کے چند عہدیداروں اور دفتری عملے کے ساتھ ہی انجام دیا گیا اور اس طرح کتاب کی تیسری جلد بازار میں لانے کی راہ ہموار ہوگئی۔

ترجمان نے کہاکہ اس موقع پر سید علی گیلانی کے علاوہ تحریک حریت کے رہنما پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، محمد یوسف مجاہد، ناشر محمد افضل لون، نسیم گیلانی، عبدالحمید ماگرے، ظہور الحق گیلانی، ایازاکبر اور دفتری عملہ موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :