پانامہ کیس میںجے آئی ٹی سپریم کورٹ کے احکامات پر بنے گی، سنیٹرسعید غنی

نواز شریف جے آئی ٹی پراثر انداز ہوں گے اس لئے انہیں چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیں، رہنما پیپلزپارٹی

ہفتہ 29 اپریل 2017 22:20

پانامہ کیس میںجے آئی ٹی سپریم کورٹ کے احکامات پر بنے گی، سنیٹرسعید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میںجے آئی ٹی سپریم کورٹ کے احکامات پر بنے گی لیکن نواز شریف اس پر اثر انداز ہوں گے اس لئے انہیں چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیں۔ ہفتہ کو ملیر پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے دو سینئیر ججز نے چارج شیٹ جاری کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وزیر اعظم جھوٹا اور کرپٹ شخص ہے ۔

سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف کو اندازہ ہے کہ جے آئی ٹی شفاف ہوئی تو وہ کہیں کے نہیں رہیں گے اس لئے وہ اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی عزت کا خیال نہیں تو ملک کی عزت کا خیال کر کے مستعفی ہوجاہیں۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک ڈان لیکس کمیٹی میں ہم آہنگی نہیں تھی ،چوہدری نثار سے اب پوچھا جائے کہ کیا لے دے کر کمیٹی ارکان میں ہم آہنگی کروائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ ابھی جون جولائی کا مہینہ دور ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو باور کرواچکے ہیں کہ سندھ میں اربوں روپے کی اوور بلنگ تھی جسے بجلی چوری کہا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ میں اگر حکومتی اداروں میں اوور بلنگ کی جاتی ہے تو عام آدمی کے ساتھ واپڈا کا کیا رویہ ہوگا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے اربوں روپے کی گیس اسکیمز کا اعلان کر کے صرف اپنوں کو نواز ا ہے جبکہ 69 فیصد گیس سندھ دے اور بدلے میں اسے گیس سے ہی محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لسانی سیاست کے خلاف ہے اور ہم چھوٹے صوبوں کی بات کر کے وفاق کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ سعید غنی نے کہاکہ 2013 انتخابات آر اوز اور ٹی ٹی پی کی خوف کے سایہ تلے منعقد ہوئے 2018 میں ایسا نہیں ہوگا اور اگلے انتخابات 2013 سے مختلف ہوں گے اور پی پی پی پورے ملک سے کامیاب ہوگی۔