Live Updates

حکومت کی جانب سے نیوزلیکس رپورٹ میں اصل حقائق کو چھپایا گیا،فوج کی جانب سے رپورٹ مسترد ہونے کے بعد وزیراعظم کے رہنے کا کوئی جوازنہیں ہے،ملک میں جمہوریت کوئی خطرہ نہیں ہے ،حکومت سیاسی شہادت حاصل نہیں کرسکتی ،گو نوازگوکی تحریک پورے ملک میں پھیلائیں گے،تحریک انصاف کے مرکزی وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کی ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 اپریل 2017 22:33

حکومت کی جانب سے نیوزلیکس رپورٹ میں اصل حقائق کو چھپایا گیا،فوج کی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نیوز لیکس رپورٹ میں اصل حقائق کو چھپایا گیا ہے ۔ , فوج کی جانب سے رپورٹ مسترد ہونے کے بعد وزیر اعظم کے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔پاک فوج نے حکومت کی رپورٹ کو مستردکردیا ہے،ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،حکومت سیاسی شہادت حاصل نہیں کرسکتی ،کشمیر میں ظلم ہورہا ہے اور حکمران بھارت سے دوستیاں نبھارہے ہیں۔

ہفتہ کے روزملتان ائیرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ڈان لیکس پر حکومت قوم سے شواہد چھپا رہی ہے ۔پاک فوج نے حکومت کی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ حکومت اداروں کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ قوم کے سامنے پیش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج سی2دن پہلے وزیر اعظم سے بھارتیوں کی خفیہ ملاقات ہوئی،جس کے بارے میں وزارت خارجہ لاعلم تھی اور آج قومی ادارے نے ڈان لیکس رپورٹ کو فی الفور مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج فوج اور حکومت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ملک کے چیف ایگزیکٹو کا فیصلہ ان کے ماتحت ادارے نے ماننے سے انکار کردیا۔ اگر سب کچھ اچھا تھا تو فوج نے حکومتی موقف کیوں مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ فوج نے حب الوطنی اور اپنے فرائض کو نبھایا ہے ۔نیوز لیکس پر حکومت اور پاک فوج میں عدم اعتماد سامنے آیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف کا نیوز لیکس رپورٹ کی مستردگی کے بعد عہدے پر رہنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیوزلیکس کی مکمل رپورٹ کو منظرعام پرلایا جائے اور اصل چہروں کوبے نقاب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی موجودگی میں پانامہ کی شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں ۔ جے آئی ٹی وزیر اعظم کی موجودگی میں آزاد تحقیقات نہیں کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر ججوں نے حکومتی مؤقف مسترد کیا ۔حکومت کی قطری خط کی کہانی مسترد ہوئی۔

سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہی کے دہانے کو پہنچ چکی ہے ۔, حکومت کی کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ پاور لومز کی صنعت تباہ ہو چکی ہے۔ کاشتکاروں کو گندم کا سرکاری ریٹ نہیں مل رہا۔سرکاری اداروں میں بھی سیاسی بھرتیاں کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت کے لیے مزید مشکلات درپیش ہوں گی ۔ گو نواز گو تحریک کو ملک بھر میں پھیلائیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات