اوپن یونیورسٹی کے پروگرامز کے فائنل امتحانات 8 مئی سے شروع ہوں گے

منگل 2 مئی 2017 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2017ء)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹرخزاں 2016ء میں پیش کئے گئے پروگرامز کے فائنل امتحانات 8 مئی سے ایک ساتھ شروع ہوں گے ۔ طلبہ کو ان کی رہائش کے قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی ہدایت پر ملک کے مختلف شہروں میں 850 امتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں۔

ان پروگرامز کے امتحانا ت میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعہ رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ ارسال کردی گئی ہیں، طالب علموں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائیٹ www.aiou.edu.pkپر بھی جاری کردی گئی ،ْ طلبہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے اپنی رول نمبر سلپ ڈائون لوڈ کرکے بھی امتحانات میں شرکت کرنے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحانات کے پورے نظام میں مزید شفافیت اور معیار کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

یونیورسٹی نے اسناد اور ڈگریوں کی معلومات کے لئے ایک مربوط اور منظم "آن لائن"نظام بھی متعارف کیا ہے۔ اس نظام کے تحت ملک بھر میں یونیورسٹی کے طلبہ اسناد اور ڈگریوں کے لئے اپنی ارسال کردہ درخواستوں پر کارروائی کے مراحل سے آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈگری ٹریکنگ نظام سے مستفید ہونے کے لئے طلبہ سے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر رابطہ کی ہدایت کی گئی۔