ڈان لیکس حکومت کو لے ڈوبے گی،آصف زرداری رواں ماہ بلوچستان کا دورہ کرینگے، حاجی علی مدد جتک

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائیگی،بلوچستان کا وزیراعلیٰ کوئی سردار یا نواب نہیں بلکہ ایک جیالا ہوگا، صدر پیپلز پارٹی بلوچستان

منگل 2 مئی 2017 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ڈان لیکس حکومت کو لے ڈوبے گی،پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری رواں ماہ بلوچستان کا دورہ کرینگے جس کی تاریخ کا چند روز میں باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور بلوچستان کا وزیراعلیٰ کوئی سردار یا نواب نہیں بلکہ ایک جیالا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی کے ہمراہ قبائلی و سماجی رہنما شیخ بلال احمد مندوخیل کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ملک عبدالحمیدکاکڑ، ثناء اللہ جتک،،شہزادہ کاکڑ،چوہدری شان سلامت،اختر شاہوانی ،ندیم آفریدی ،عثمان مینگل اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرشیخ بلال مندوخیل نے پیپلز پارٹی کے صوبائی قائدین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حاجی علی مدد جتک نے شیخ بلال مندوخیل کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکبا ددیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے نوجوان اور سیاسی و قبائلی عمائدین جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کے عوام کے حقوق پیپلز پارٹی ہی دلاسکتی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے عوام کے حقوق کے حصول اور ملک کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ کی طاقت سے برسراقتدار آکر ملک سے بے روزگار ی،مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ کریگی۔ پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے شیخ بلال احمد مندوخیل کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے افراد کوانکے حقوق د لاسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ہڑتالی کیمپ کو اکھاڑنے اور انہیں گرفتار کرکے کوئٹہ بدر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ییرامیڈیکس کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے ۔

ایک سوال کے جواب میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری رواں ماہ بلوچستان کا دورہ کریں گے جس کی تاریخ کا آئندہ ایک دو روز میں باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا آصف علی زرداری کوئٹہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب بھی کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس حکومت کو لے ڈوبے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور بلوچستان کا وزیراعلیٰ کوئی نواب یا سردار نہیں بلکہ ایک جیالا ہوگا۔

ایک اورسوال کے جواب میںحاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ایک دو روز میں بلوچستان کی صوبائی کابینہ ،ڈویژن کابینہ کا اعلان کردیا جائے گا۔