بیرسٹر سلطان کی جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر جوہر تسلیم سے ملاقات، مسئلہ کشمیرکو آگے بڑھانے، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر تبادلہ خیال

مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی بربریت، ظلم کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کیلئے برطانیہ آیا ہوں،بیرسٹر سلطان مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جدوجہد میں ان کیساتھ ہیں، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنیوالے بھارت کو کسی کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، استقبالی ہجوم سے خطاب

منگل 2 مئی 2017 17:40

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے آج یہاں برلن میں پاکستان کے سفارتخانے میں جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر جوہر سلیم سے تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستانی سفیر کو برلن میں ہونے والی اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیااور جرمنی میں مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بھی تفصیلاً گفتگو کی گئی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جرمن پہلے منقسم تھے اس لئے وہ ہمارے مسائل اور موقف کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔اس موقع پردونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اس وقت عالمی میڈیا کی توجہ بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مرکوز ہے اور اس موقع پر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بربریت پر ر دنیا کو بھرپور انداز میں آگاہی دی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آج جب لندن سے جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچے تو ان کا برلن ائیرپورٹ پر ناصر خان کی قیادت میں جرمنی میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شاندار استقبال کیا۔ بیرسٹر سلطان محمودچوہدری اپنے جرمنی کے دورے کے دوران وہاں کی مختلف سیاسی جماعتوں کی فائونڈیشنز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں میں ملاقاتوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب اسلام آباد سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر ائیرپورٹ پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بربریت اور ظلم کے پیش نظر میں مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کیلئے برطانیہ آیا ہوں ۔

ہمارے قائد عمران خان کی خصوصی ہدایت ہے کہ اب مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف موثر اندار میں آواز اٹھانی چاہیے ۔ اس سلسلے میں امریکہ ، برطانیہ ، بیلجیم ، فرانس ، آئرلینڈ ، جرمنی اور پرتگال کے سات ممالک کے دورے پر آیا ہوں ۔ میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں ۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے بھارت کو کسی کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں چھوڑیں گے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اسلام آباد سے مانچسٹر ایئرپور ٹ پہنچنے پراپنے استقبال کے لئے آنے والے بہت بڑے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ائیرپورٹ پر سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری موجود تھے ائیرپورٹ پر برطانوی پولیس نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو خصوصی پروٹوکول دیا ۔ ایئرپورٹ پر رش کی وجہ سے ایئرپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔

استقبال کرنے والوں میں چوہدری مالک ، چوہدری محمد سردار ، چوہدری خادم ، ڈاکٹر فیصل نواز ، صابر پوٹھی ، عدیل صغیر ، حاجی قربان ، بیرسٹرقربان ،شہناز صدیق، چودھری شیراز ، چوہدری ہارون و دیگر نمایاں تھے ۔ اس موقع پربیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے مزید کہا کہ برطانیہ میں موجود کشمیری کمیونٹی اب پہلے سے زیادہ مسئلہ کشمیر کیلئے کام کرنا چاہیے ۔

برطانیہ میں انتخابات ہونے والے ہیں اورامید ہے کہ برطانیہ کی نئی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔ دریں اثناء برسٹر سلطان محمود چوہدری نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ادارارہ منہالج القرآن کا دورہ کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر منہاج القرآن کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وہاں پر کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری و پاکستانی آباد ہیں وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے آواز اٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔