وزیر اعلی پرویز خٹک نے پشاور کے صحافیوں کے لئے نئے پریس کلب کی تعمیر، ماضی میں پلاٹ نہ ملنے والے پریس کلب ممبران کیلئے نئے رہائشی منصوبے کے قیام، پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے ممبران کیلئے صحت انصاف کارڈز کے اجراء، پریس کلب ممبران کیلئے جرنلسٹس انڈومنٹ فنڈ میں قانونی اصلاحات کیلئے کمیٹی کے قیام سمیت پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے کا اعلان کردیا

بدھ 3 مئی 2017 23:33

وزیر اعلی پرویز خٹک نے پشاور کے صحافیوں کے لئے نئے پریس کلب کی تعمیر، ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2017ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ اور ممبران گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب حلف برداری میں مشیر اطلاعات مشتاق غنی، سیکرٹری اطلاعات ارشد مجید، وزیر اعلی کے پریس سیکرٹری بہرہ مند خان، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالمجید نیازی، سی سی پی او پشاور طاہر خان، خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی افضل ، ڈسٹرکٹ نائب ناظم سید قاسم شاہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور پشاور پریس کلب کے ممبران نے شرکت کی۔

پشاور پریس کلب کے نومنتخب صدر عالمگیر خان نے پریس کلب ممبران کے فلاح و بہبوداور پشاور کی صحافی برادری کو درپیش بنیادی مسائل پر مشتمل سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پریس کلب کی یہ تقریب حلف برداری اس جمہوری عمل کے تسلسل کا حصہ ہے جس کے ذریعے پریس کلب کے معزز ممبران ہر سال اپنے ووٹ کا استعمال کرکے اپنے نمائندوں کا چنائو کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور پریس کلب کی آج کی یہ تقریب حلف برداری اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ تین مئی کا دن پوری دنیا میں صحافت کی آزدی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں صحافت کی آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوںمیں پشاورپریس کلب اور اس ادارے کے معزز ممبران کا نمایاں حصہ ہے۔ اس خطے کے صحافیوں نے نامساعد حالات میں بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

پشاور پریس کلب دنیا کا واحد پریس کلب ہے جو دسمبر 2009میں خودکش حملے کا نشانہ بنا۔وزیر اعلی پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انکی حکومت عام عوام کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور پریس کلب کے تمام نئے ممبران کے لیے رہائشی منصوبے کی منظوری دی اور اس منصوبے پر عملی کام کے فوری آغاز کے لئے مشیر اطلاعات مشتاق غنی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

وزیر اعلی نے پشاور کی صحافی براردی کے لئے نئے پریس کلب کی فوری تعمیر کے احکامات بھی جاری کردیئے۔اس سلسلے میں نئے پریس کلب کے لئے جگہ کے تعین اور موجودہ پریس کلب میں نئی عمارت کی تعمیر پر باہمی مشاورت کے بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے اس سلسلے میں سی اینڈ ڈی کے انجینئرز اور اعلی حکام کوفوری پریس کلب سے رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیراعلی نے پشاور کے صحافیوں کے لئے حکومتی ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت فوری طور پر صحت انصاف کارڈرز کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے پشاور پریس کلب کے سالانہ گرانٹ کو تیس لاکھ سے بڑھا کر پچاس لاکھ کرنے کا اعلان کیا تاہم سپاسنامے میں ایک کروڑ کے مطالب کو دہرائے جانے اور پشاور پریس کلب کے لئے اضافی ایک کروڑ کے خصوصی گرانٹ پر وزیر اعلی نے اس سلسلے میں مشتاق غنی کو ہدایت کی کہ پشاور پریس کلب کی منتخب قیادت کے ساتھ مشاورت سے ایسا طریقہ کار وضع کرے تاکہ حکومت کو درجہ بندی کی بنیاد پر پریس کلبوں کی امداد میں مشکلات حائل نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور کے صحافیوں کے لئے زیر غور میڈیا انکلیوکو ایف ڈبلیو او کے ماسٹر پلان کا حصہ بنانے کے احکامات بھی جاری کردیئے ۔

متعلقہ عنوان :