ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے پرائس مجسٹریٹوں کو چھاپوں کی ہدایت

جمعرات 4 مئی 2017 14:34

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) حکومت پنجاب نے صوبہ کے مختلف شہروں میں ناجائز منافع خوری ، ملاوٹ کے خلاف بھر پور کارروائی ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور غیر معیاری مصنوعات کی فروخت روکنے سمیت اشیاء خوردونوش کی فہرستیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پرائس مجسٹریٹوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کریں اور مارکیٹوں و بازاروں میں چور بازاری روکنے کیلئے اقدامات کریں نیز روزانہ کی کارکردگی رپورٹ بھی ڈی سی اوز کے ذریعے حکومت پنجاب کو فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

مقامی انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اشیاء ضروریہ کی مصنوعی قلت اور گرانی کی صورتحال پیدا کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور صارفین کی تنظیموں کو بھی فعال بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مارکیٹ کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز ،چیئرمینز اور سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی فہرستیں جاری کریں اور ان مقررہ نرخوں پر ہر حال میں عمل درآمد کروایا جائے۔