کاشتکاروں کو ٹینڈے کی اگیتی کاشت رواں ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 4 مئی 2017 14:34

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹینڈے کی اگیتی کاشت رواں ہفتے کے دوران مکمل کر لیں ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ ٹینڈے کی کاشت کیلئے تین تین میٹر کے فاصلہ پر نشانات لگا لئے جائیں اور دونوں اطراف 30 سینٹی میٹر دور تک تین بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم سلفیٹ ملا کر ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹینڈے کی شاندار فصل کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ کاشتکار پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ مصنوعی کھاد بھی مٹی کی 8 سے 10 سینٹی میٹر تک کی تہہ کے نیچے آجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر ٹینڈے کی فصل کاشت کرنے کیلئے ڈیڑھ سے پونے دو کلوگرام تک منظور شدہ بیج استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی آبپاشی کے بعد ایک ہفتہ کے وقفہ سے آبپاشی کی جانی چاہئے اور جب پودے پانچ سے آٹھ سینٹی میٹر تک اونچے ہوجائیں تو ان کی چھدرائی بھی ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔