شاہد آفریدی کا شکوہ کام کرگیا؛ سندھ حکومت کا اکیڈمی کیلئے آفریدی سے رابطہ

آپ سندھ میں جو کوئی بھی گرائونڈز دیکھ کر بتائیں، سندھ حکومت آپ کوکرکٹ اکیڈمی کے لیے زمین دینے کیلئے تیارہے، وزیرکھیل سندھ

اتوار 7 مئی 2017 19:30

شاہد آفریدی کا شکوہ کام کرگیا؛ سندھ حکومت کا اکیڈمی کیلئے آفریدی سے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا شکوہ کام کرگیا اور صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کرکٹ اکیڈمی کے لیے بوم بوم سے رابطہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روزکرکٹر شاہد آفریدی نے اکیڈمی کے لیے جگہ نہ دینے پرسندھ حکومت سے شکوہ کیا تھا جو شاید کام آگیا۔ صوبائی وزیر کھیل سردارمحمد بخش مہر نے شاہد آفریدی سے فون پررابطہ کیا اورکہا کہ آپ سندھ میں جو کوئی بھی گرائونڈز دیکھ کر بتائیں، سندھ حکومت آپ کوکرکٹ اکیڈمی کے لیے زمین دینے کے لیے تیارہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگرصوبوں سے زیادہ ٹیلنٹ صوبہ سندھ کے نوجوانوں میں ہے جس پر شاہد آفریدی نے جواب پرکہا کہ سندھ میں کرکٹ اکیڈمی کھول کرنوجوانوں کوآگے لانا چاہتا ہوں۔صوبائی وزیرکھیل سردار محمدبخش مہر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ سندھ حکومت ایک کمیٹی بنارہی ہے جو پورا پلان دیکھے گی جبکہ شاہد آفریدی کے ساتھ منگل کوملاقات ہوگی۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے شکوہ کیا گیا تھا کہ حکومت سندھ کھیل کے معاملے میں سنجیدہ نہیں، متعدد بار کھیل کے میدان کی بات کی لیکن کسی کی جانب سے شنوائی نہیں ہوئی ، کاش بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو کراچی یا سندھ کے یہ حالات نہ ہوتے۔

متعلقہ عنوان :