پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی پر حملہ‘تین اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی-پرائمری سکول کی عمارت کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 مئی 2017 10:53

پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی پر حملہ‘تین اہلکاروں سمیت ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08مئی۔2017ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک سکول کے باہر نصب بم کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور میں شمشتو کے نواحی علاقے خٹک پل کے نزدیک محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم کا نشانہ بنایا گیا جس میں 3سیکیورٹی اہلکار اور دوراہگیر زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد علاقے کو کلیئر کرالیا گیا جبکہ سرچ آپریشن کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب صبح سویرے پشاور کے علاقے ارمڑ میں واقع ایک پرائمری اسکول کی عمارت کے قریب تین کلو وزنی بارودی مواد برآمد ہوا۔خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق بارودی مواد کی نشاندہی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بم کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکارہ بنادیا گیا تاہم اس عمل میں اسکول کی عمارت کا کچھ حصہ متاثر ہوا۔

ترجمان نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ علاقہ پولیس ہائی الرٹ ہے اور بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے بعد سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ماضی میں بھی پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔رواں سال فروری میں پشاور میں ججز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
 
 

متعلقہ عنوان :