بات چیت سے فرار کمزور موقف کی دلیل ہے، شبیر احمد شاہ

کشمیری طلباء کیخلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت

پیر 8 مئی 2017 18:55

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہاہے کہ جنوبی ایشیاء اور دنیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے اور کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کئے بغیر خطے میں پائید ارامن قائم نہیں ہو سکتا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی ضد اورروائتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے میں حالات کشیدہ اور خطے پر جوہری جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔

انہوںنے کشمیری طلباء کے خلاف قابض انتظامیہ کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کو گولیوں اور پیلٹ گن کے بجائے اس بات پر غور وخوض کرناچاہیے کہ کشمیری نوجوان انتظامیہ کے طرز عمل، جارحانہ رویہ اور جبری قبضے کے خلاف کیوں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ نوجوان نسل تحریک آزادی کے ضامن کے طور سامنے آرہی ہے۔

انہوں نے ترال ،پلوامہ ،ہندواڑہ اور کشمیر کے دیگر مقامات پر طلباء کی گرفتاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تھانے اور تعزیب خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے بھارتی قیادت سے سوال کیاکہ سہ فریقی مزاکرات یا اقوام متحدہ کی قرادادوں سے وہ اتنے خائف کیوںہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بات چیت سے فرار کمزور موقف کی دلیل ہے اور انہوںنے اس بات کا اعادہ کیا کہ رائے شماری کے نتیجے میں برآمد فیصلہ پہلے ہم قبول کریں گے۔

انہوںنے بھارتی حکام پر واضح کیا کہ طاقت اور ہٹ دھرمی پر مبنی ان کی پالیسی ایک طرف ہمارے عزائم کو اور مضبوط کررہی ہے اور دوسری طرف اسکی وجہ سے بھارتی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ۔حریت رہنماء نے کہا کہ جموںو کشمیر کا مسئلہ ایک کھلا باب ہے اور اس کے سیاسی مستقبل کامتعین کرنے تک یہ چپٹر کھلا رہے گا اوراسے بند باب قرار دئے جانے کے دعوے کو دیوانے کا خواب ہی قراردیا جاسکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بھارت کو مثبت رویہ اور ایک کلیدی کردارادا کرنا ہوگا ،جبکہ کشمیری عوام اور پاکستان بحیثیت فریق اسے حل کرنے پر اپنی رضامندی کا اظہار کرچکے ہیں ۔شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفد غلام احمداورریاض احمد کی قیادت میں کھڑونی گیا اور معرکہ قاضی گنڈ میں شہید ہونیوالے فیاض احمد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔