مقبوضہ کشمیر میں طلباء کے احتجاجی مظاہرے مسلسل جاری

کشمیر کی کشیدہ صورتحال جنوبی ایشیاء میں جوہری جنگ کا باعث بن سکتی ہے ،میرواعظ

پیر 8 مئی 2017 18:55

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں طلباء کے زبردست بھارت مخالف مظاہرے پیر کو بھی جاری رہے جبکہ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد طلباء زخمی ہو گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر ، بڈگام ، کپواڑہ ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں سکولوںاور کالجوں کے ہزاروں طلباء نے سڑکوں پر نکل کر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔

متعدد علاقوں میں طلباء اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیںبھی ہوئیں۔ فوجیوںنے طلباء پر آنسو گیس اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا جس سے کئی طلبا زخمی ہوگئے ۔ مظاہروں کے دوران بڑی تعداد میں طلباء کو گرفتار بھی کرلیاگیا ۔ چھٹی جماعت کے ایک طالب علم کی گرفتاری کے خلاف طلباء کے مظاہروںکی وجہ سے ضلع بڈگام میں ماگام بیروہ روڈ پر سینکڑوںگاڑیاں پھنس گئیں۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال جنوبی ایشیاء میں جوہری جنگ کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کی چوتھی نسل بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگ خصوصاً نوجوان کشمیر کے بارے میں جوں کی توں صورتحال سے بے زار ہو چکے ہیں۔

سینئر حریت رہنماء پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاہے کہ وادی کشمیر کی سڑکوں پر حالیہ احتجاجی مظاہرے ستر سال پرانے برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کا نتیجہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میںجو کچھ بھی ہورہا ہے وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا ردعمل ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس ، دختران ملت ، مختار احمد وازہ ، زمردہ حبیب ،فریدہ بہن جی ،یاسمین راجہ ،بلال صدیقی اور محمد رمضان خان نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاںنہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیںگے۔

ادھر کیبل آپریٹروں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں پاکستانی اور مذہبی چینلوں پر پابندی کے پیچھے بھارت کے فرقہ پر ست میڈیاکا ہاتھ ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے جو ہندوتوا کے اسلام اور پاکستان مخالف ایجنڈے کے زیر اثر ہے ، ان چینلوںکے خلاف پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :