گوبر کی کھاد کا استعمال پودوں کو غذائی اجزاء کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ماہرین زراعت

منگل 9 مئی 2017 14:54

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2017ء)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ گوبر کی کھاد کا استعمال پودوں کو غذائی اجزا ء کی فراہمی سمیت زمین کے طبعی و کیمیائی خواص کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن گذشتہ کچھ عرصہ سے زرعی تعلیم نہ ہونے کے باعث اس کے استعمال میں کچھ بنیادی خرابیاں پائی جاتی ہیں جس سے فصل اور زمین کو اس کا مکمل فائدہ نہ پہنچ رہا ہے لہٰذا کسانوں ، کاشتکاروں ، زمینداروں کو چاہیے کہ وہ گوبر کی کھاد سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے اس کا مئوثر استعمال یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ گوبر کی کھاد یورین اور گوبر پر مشتمل ہوتی ہے ۔انہوںنے بتا یا کہ یورین میں موجود نائٹروجن یوریا کھاد جیسی کیمیائی شکل میں موجود ہوتی ہے لیکن گوبر کے ڈھیر کو کھلی شکل میں چھوڑ دینے کے باعث اس میں سے تین ہفتوں کے اندر اندر 90فیصد نائٹروجن ضائع ہو جاتی ہے۔انہوںنے کہا کہ گوبر کی کھاد جتنی زیادہ گلی سڑی ہو گی اس کے فوائد اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ گوبر کو مناسب طریقے سے سٹور کریں تاکہ اس کے اثرات کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔