آزادکشمیر میں مثالی ، مذہبی ومسلکی ہم آہنگی موجود ہے‘سیکرٹری اوقاف آزاد کشمیر

علمائے کرام اور مشائخ عظام کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کی فضا پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے‘سید نظیر الحسن گیلانی

منگل 9 مئی 2017 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2017ء) آزادکشمیر کے سیکرٹری اوقاف ومذہبی امورسید نظیر الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں مثالی ، مذہبی ومسلکی ہم آہنگی موجود ہے۔ علمائے کرام اور مشائخ عظام کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کی فضا پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ ہمارا دشمن بھارت آزادکشمیر کی پرامن فضا کو خراب کرنا چاہتا ہے۔

عوام آگاہ ہیں کہ بھارت کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ نیشنل ایکشن پلان پر آزادکشمیر میں قابل تحسین عملدرآمد ہوا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں محکمہ اوقاف نے اتنے کام کیے ہیں، جتنے گزشتہ چالیس سال میں بھی نہیں ہوئے۔ ان خیالات کااظہار انہو ںنے پے اینڈ پنشن کمپیوٹرائزیشن سسٹم کے قیام کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف نے خود کار نظام کے ذریعے تنخواہ و پنشن کی ادائیگی کا نظام قائم کرکے ملازمین کو پسینہ خشک ہونے سے پہلے تنخواہ کی ادائیگی کا بندوبست کیا ہے۔

یہ جدید نظام چیک اینڈ بیلنس کے لیے ہمہ وقت ڈیٹا فراہم کر سکے گا۔ تقریب میں مہتمم تعمیرات اوقاف راجہ منیراحمد ، اکائونٹس آفیسر اوقاف عبدالرزاق میر، خادم حسین حیدری اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت علامہ روھیل احمد عباسی نے حاصل کی جبکہ قاری نذیر احمدنے سرکار دوعالم ؐ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ دربار عالیہ کھڑی شریف میرپور کی سیکورٹی کے سلسلہ پچاس لاکھ روپے کا ایک منصوبہ زیرکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ درباروں سے قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کا خاتمہ کر دیاگیا ہے۔ دربار کھڑی شریف میں 16کمروں کی عمارت زائرین کے طعام وقیام کے لیے وقف کر دی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں محکمہ اوقاف واحد نیم سرکاری خود مختار ادارہ ہے، جو اپنے پائوں پر کھڑا ہے اور 6سو افراد کو تنخواہ اور پنشن کی ریگولر ادائیگی کر رہا ہے۔

گزشتہ چند سالوں میں 28کروڑ روپے کے تعمیراتی کام کیے گئے ہیں۔ ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمودنے کہا کہ سید نظیرالحسن گیلانی کی قیادت میں محکمہ اوقاف نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی ہے۔ محکمہ اوقاف کو باعزت ، با وقار اور منفرد محکمہ بنا دیا گیا ہے۔ ہم اپنے وسائل کے اندررہ کر مقاصد کے حصول پر گامزن ہیں۔ سیکرٹری اوقاف سید نظیر الحسن گیلانی نے پے اینڈ پنشن کمپیوٹر ائزیشن سسٹم کا افتتاح کیا ۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی ، کشمیر کی آزادی اور ملت اسلامیہ کی بھلائی کی دعا کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ عنوان :