پنجاب حکومت کا اورنج ٹرین کے بعد بلیو اور پرپل لائن ٹرین منصوبے لانے کا فیصلہ ،فزیبیلٹی اور پریزنٹیشن مکمل کرلی گئی

رواں ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ چین میں تین کھرب کے دونوں منصوبے ایگزم بنک، چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے رکھے جائینگے

منگل 9 مئی 2017 17:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2017ء) پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے بعد بلیو اور پرپل لائن ٹرین منصوبے لانے کا فیصلہ کرلیا، رواں ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ چین میں تین کھرب کے دونوں منصوبے ایگزم بنک، چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے رکھے جائیں گے۔شہر میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی سٹڈی کے مطابق میٹرو بس سروس کی گرین لائن کو مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ اورنج لائن منصوبے پر کام جاری ہے۔

حکومت پنجاب نے باقی دو آئندہ لائینز بلیو اور پرپل کی تعمیر کے لئے بھی چینی بنک، کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے منصوبہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ دونوں منصوبے رواں ماہ چین میں پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں کی فزیبیلٹی اور پریزنٹیشن مکمل کرلی گئی ہے۔ انیس کلومیٹر پر محیط بلیو لائن قرطبہ چوک سے براستہ جیل روڈ، کلمہ چوک، اکبر چوک، گرین ٹائون پر جاکر اختتام پذیر ہوگا۔

بتیس کلومیٹر طویل پرپل لائن ٹرین داتا دربار سے پنجاب اسمبلی، مال روڈ، عسکری ٹین، ائیرپورٹ ، بھٹہ چوک تک جائے گی۔بلیو لائن ٹرین پر ایک کھرب پچیس ارب اور پرپل لائن پر ایک کھرب پچاس ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ دونوں لائینز کو انڈر گرائونڈ بنانے کی فزیبیلٹی رپورٹ عثمانی انجینئرنگ کنسلٹنگ کمپنی نے تیار کی ہے۔ دونوں پراجیکٹ ای پی سی کنٹریکٹ کے تحت شروع کرنے کی تجویز ہے۔ وزیراعلی پنجاب 12 مئی کو چائینہ روانہ ہوں گے جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے 14مئی کو چین پہنچیں گے۔