پنجاب میڈیکل کالج کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے سے خطہ میں شعبہ طب کی اعلیٰ تعلیم وتخلیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا، صوبائی وزیر قانون

منگل 9 مئی 2017 23:46

پنجاب میڈیکل کالج کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے سے خطہ ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ پنجاب میڈیکل کالج کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے سے خطہ میں شعبہ طب کی اعلیٰ تعلیم وتخلیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا جس کی منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں،انہوں نے یہ بات فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد پنجاب میڈیکل کالج /نئی یونیورسٹی کا دورہ کرکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر اور دیگر فیکلٹی ممبرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی،ڈویژنل کمشنر مومن آغا بھی اس موقع پر موجود تھے ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹرراشدمقبول اور ڈاکٹرعبدالرئوف،فیکلٹی ممبرزپروفیسر ڈاکٹرجاوید اقبال،پروفیسر ڈاکٹر اکمل حسین،پروفیسر ڈاکٹر عامر حسین،پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت، پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد،پروفسیر ڈاکٹر سعید اشرف چیمہ،پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ،ڈاکٹر رحمان گلزار،ڈاکٹرانجم،ڈاکٹر خرم راجہ،ڈاکٹرزاہد ناگرا،ڈاکٹر اختر پرویز ودیگر فیکلٹی ممبرز نے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری اور اس سلسلے میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان کی گرانقدر کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش اور خطہ کی ضرورت کو بہت جلد عملی شکل ملی ہے جو کہ حکومت پنجاب کا بہت بڑا کارنامہ اورانقلابی اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے بتایا کہ اس سے قبل نشترمیڈیکل کالج ملتان اور راولپنڈی میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا معاملہ کافی دیر سے چل رہا تھا لیکن ان کی تحریک پر وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی بلاتاخیر منظوری دے کر بے حد عزت افزائی کی ہے جو کہ اس خطہ کے لئے کسی بھی نعمت سے کم نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی ریلیف اور مختلف شعبوں کی ترقی واستحکام کے سلسلے میں ضروری منصوبوں کی منظوری میں کبھی تاخیر نہیں کرتے اور فیصل آباد میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی ان کے ترقیاتی ویژن کا بہترین عکاس ہے۔انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر الفرید ظفر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ یونیورسٹی کے دیگر امور کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اپنے وجود کو جلد پروان چڑھا سکے۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغانے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے لئے راناثناء اللہ خاں کی گہری دلچسپی اورمعاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی خطہ میں بہترین نتائج پیدا کرے گی جس کی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لئے بہترین کنسلٹنٹس حاصل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی ودیگر امور میں وہ بھرپور تعاون کریں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف اوروزیرقانون راناثناء اللہ خاں کے بے حد شکرگزار ہیں کہ انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی قائم کرکے علاقہ کی ترقی میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کی ضرورت اور اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میڈیکل کالج میں ہر سیشن کے طالب علموں کی تعداد پاکستان بھر کے میڈیکل کالجز سے زیادہ ہے جس میں دوسرے صوبوں کے طالب علموں کے کوٹہ کو بھی ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے مستقبل کے تقاضوں کے مطابق کام کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :