کے آئی یو کے شعبہ کیمسٹر بہترین شعبہ ، ڈاکٹر اسماعیل بہترین ٹیچر اور ڈاکٹر سجاد علی بہترین ریسرچر بن گئے

ایوارڈز کا اعلان ڈائریکٹر کیو ای سی نے کیا، کل 6شعبہ جات اور 8اساتذہ مقابلے کے دوڑ میں شریک

بدھ 10 مئی 2017 22:52

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2017ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری بہترین شعبہ ، ڈاکٹر محمد اسماعیل بہترین ٹیچر اور ڈاکٹر سجاد علی بہترین ریسرچر قراردے دیئے گئے۔ کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں مسابقتی رجحان میں اضافے اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی غرض سے 2016کے بہترین شعبہ ، بہترین ٹیچر اور بہترین ریسرچر کے نام سے تین ایوارڈز متعارف کرائے۔

اس مقصد کیلئے وائس چانسلر نے آئی مارک کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معظم نظامی کی سربراہی میں 6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ جس میں ڈائریکٹرکیو ای سی میر تعظیم اختر، ڈائریکٹر کلچرل ہیرٹیج ڈاکٹر تصور رحیم بیگ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کیو ای سی شاہد احمد شگری شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان ایوارڈز کے حصول کے دوڑ میں یونیورسٹی کے 16میں سے 6شعبہ جات اور 8اساتذہ شامل ہوئے تھے۔

کمیٹی نے ہر شعبہ اور اساتذہ کی ریسرچ، کارکردگی، قابلیت ، سمیت کوائف کا ہر پہلو سے باریک بینی سے جائزہ اور ہر شعبہ کے طلبہ وطالبات سے الگ الگ تفصیلی ملاقات کے بعد نتیجہ اخذ کیا۔ نامزدگی میں ہائرایجوکیشن کمیشن کے مروجہ طریقہ کار اور پالیسی کو مد نظر رکھا گیا تھا۔ کیو ای سی کے ڈائریکٹر میر تعظیم اختر نے ایک تقریب میں ان ایوارڈز کا باقاعدہ اعلان کیا۔

جس کے تحت یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں شعبہ کیمسٹری کو سال 2016کا بہترین شعبہ قرار دیاگیا۔ بہترین ٹیچر کا اعزاز اسی شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل نے حاصل کیا۔ ڈاکٹر محمد اسماعیل اسی سال گرین کیمسٹری میں عالمی ریسرچ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 2013ء سے شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت اب تک صرف 12سکالرز کو یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔

ڈاکٹر اسماعیل کے اب تک 16ریسرچ پیپرز ملکی و بین الاقوامی تسلیم شدہ جریدوں میں شامل اشاعت ہوچکے ہیں۔ جن کا مجموعی امپیکٹ فیکٹر 27ہے۔ انہوں نے برطانیہ سے کیمسٹری میں پوسٹ ڈاک کی ڈگری حاصل کی ہے۔ جبکہ اسی شعبہ کے ہی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سجادعلی نے بہترین ریسرچر 2016کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ اس وقت اسی شعبہ کے چیئرمین بھی ہیں۔ڈاکٹر سجاد نے اب تک 30ریسرچ پیپر ملکی و غیر ملکی جریدوںمیں اشاعت کا اعزاز حاصل کیا ہے جنکا مجموعی امپیکٹ فیکٹر 40ہے۔

انہوں نے ایک یو ایس پیٹنٹ شائع کیا ہے۔ انہوںنے چائنا سے گذشتہ سال پوسٹ ڈاک کی ڈگری حاصل کی۔یہ تینوں ایوارڈز سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں دیئے جائیں گے۔ ان ایوارڈز کے اعلان کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ تمام تعلیمی شعبے اور اساتذہ اپنی علمی استعداد کار کو بڑھانے اور تحقیقی سرگرمیوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :