امریکہ کی طرف سے کرد جنگجوؤں کو مسلح کرنا ناقابل قبول ہے یہ ہماری سالمیت کیخلاف ہے ، ترکی

ہمیں یقین ہے کہ امریکی انتظامیہ کرد جنگجوؤں کو اسلحہ کی فراہمی کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی، نائب وزیراعظم نورتین کنکلی

بدھ 10 مئی 2017 23:23

امریکہ کی طرف سے کرد جنگجوؤں کو مسلح کرنا ناقابل قبول ہے یہ ہماری سالمیت ..
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2017ء) ترکی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ کرد جنگجوؤں کو مسلح کرنا ناقابل قبول ہے کیوں کہ وہ ترک ریاست کی سالمیت کے خلاف ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کرد جنگجوئوں کے لئے اسلحہ کی فراہمی کے اعلان کے بعد ترکی کے نائب وزیراعظم نورتین کنکلی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے شام میں کرد جنگجوؤں کو اسلحہ کی فراہمی کا اعلان ناقابل قبول ہے اور ترکی دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ کی فراہمی برداشت نہیں کرسکتا کیوں کہ یہ ترکی کے مستقبل کے لئے خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ امریکی انتظامیہ کرد جنگجوؤں کو اسلحہ کی فراہمی کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔ترک نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شام میں داعش کے خلاف برسرپیکار کرد جنگجوؤں کواسلحہ فراہم کرکے داعش کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے دراصل یہ بیانیہ حقیقت کے برعکس ہے، اس لئے امریکی انتظامیہ کو اپنے غلط فیصلے کو واپس لینا چاہیے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو داعش کے خلاف شام کے علاقے رقہ میں لڑنے والے کرد جنگجوؤں کو مسلح کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔۔