اولیاء کرام نے بھائی چارے اور رواداری کا درس دیاہے‘ ان کی تعلیمات پر عمل پیراہوکرپاکستان کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے‘ اولیاء کا فیضان پوری کائنات میں موجود ہے

آزادجموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی کے ممبرچوہدری رخسار احمد کا دمڑی والی سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب

جمعرات 11 مئی 2017 21:42

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) آزادجموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی کے ممبرچوہدری رخسار احمد نے کہاہے کہ اولیاء کرام نے بھائی چارے اور رواداری کا درس دیاہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل پیراہوکرپاکستان کو امن کا گہوارابنایاجاسکتاہے۔ اولیاء کا فیضان پوری کائنات میں موجود ہے۔ حضرت بابا پیراشاہ غازی کے عرس پر محفل سماع منعقد کرنے پر میں وزیراعظم آزادکشمیرکو دل کی اتھا گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتاہوں ۔

ہمارے لیے خوش قسمتی ہے کہ ہم اولیاء اکرام کی دھرتی کے باسی ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے حضرت باباپیراشاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکارؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور سید نظیرالحسن گیلانی نے کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمود ،ناظم اموردینیہ مفتی نذیراحمدقادری، مولاناعبدالرزاق چشتی، مفتی محمدوسیم رضااور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں چوہدری محمداشرف، ناظم اوقاف مقصود حسین عباسی،چوہدری کرامت کھڑی کے علاوہ علماء ومشائخ اور عمائدین علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف سید نظیرالحسن گیلانی نے کہاکہ اولیاء کرام کے آستانوں پرخدمات سرانجام دینے والے آفیسران واہلکاران کو ایک ایک لمحے کی قدرکرنی چاہیے تاکہ بھرپور وسائل سے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جاسکیں۔

انھوں نے کہاکہ ہمیں فکری اور تعمیراتی دونوں میدانوں پرکام کرناہے تاکہ نوجوان نسل کی اسلامی تعلیمات کے مطابق تربیت کا فریضہ بھی انجام دیاجاسکے۔ انھوں نے کہاکہ عرس کے موقع پرمحکمہ کے ملازمین نے جوش وجذبہ سے کام کیا اور تقریبات کو کامیاب بنایا۔ ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمود نے جتنے کام ایک سال میں کیے ہیں اتنے کام جب سے محکمہ بناہے نہیں ہوئے۔

یہ لائق تحسین ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ اوقاف سردارطارق محمود نے کہاکہ محکمہ اوقاف کے پاس 61 دربار ہیں ۔ دربار عالیہ کھڑی شریف سب سے بڑی درگاہ ہے جہاں کی آمدنی اور اخراجات بھی بڑے ہیں۔ ہم نے 25 ملین روپے کی لاگت سے ایکسٹینشن شروع کی ہے جو اب فنشنگ کے مرحلے میں ہے۔ انھوں نے کہاکہ سکیورٹی کے لیے 6 ملین روپے مزید خرچ کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ زائرین کو سہولیات بہم پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء اکرام نے کہاکہ بھارت ہماراازلی دشمن ہے وہ اتحاد بین المسلمین اور اتفاق کونقصان پہنچا کر مسلمانوں کو تباہ وبرباد کرناچاہتاہے۔ اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ ملت اسلامیہ اور بالخصوص پاکستان کے مسلمان متحد ہوجائیں اور حالات کا مقابلہ کریں۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، خوشحالی ، کشمیرکی جلد آزادی اور ملت اسلامیہ کی بھلائی کی دعاء کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ عنوان :