صحت کی بنیادی ضروریات تک عوام کی سہل رسائی وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے‘ کمشنرملتان

جمعرات 11 مئی 2017 23:40

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2017ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ صحت کی بنیادی ضروریات تک عوام کی سہل رسائی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لئے وہ عملی طور پر کوشاں ہیں۔ صحت مند پنجاب صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا خواب ہے اور اس خواب کی حقیقی تعبیر کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب ملتان ڈسٹرکٹ میں موجود تمام سرکاری ہسپتالوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا چاہتے ہیںاور اس سلسلے میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور نئے ہسپتالوں کے قیام بارے اپنی تجاویز بھی دے گی۔ اس امرکا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے ملتان ڈسٹرکٹ کے صحت سہولیات بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ،رکن صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر، وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تنویر اقبال، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالرحمن قریشی، ایم ایس نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینسٹیسٹری ڈاکٹر الیاس تنویر، ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر شاہد محمود بخاری اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ نشترمیڈیکل کالج و ہسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ مل جانا پورے جنوبی پنجاب کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں لگے جیمرز سے نہ صرف شہری پریشان ہیں بلکہ نشتر ہسپتال میں داخل مریضوں کے لواحقین کو بھی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کمشنر ملتان نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے سامنے ڈسٹرکٹ جیل کو شہر سے باہر منتقل کرکے یہ جگہ نشتر یونیورسٹی کے لئے مختص کرنے کی تجویز پیش کریں گے جبکہ نشتر ہسپتال میں مریضوں کو میسر سہولیات میں بہتری لانے کے لئے بھی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں نشتر ہسپتال ملتان کا بوجھ کم کرنے کے لئے 500بیڈز کے اضافی بلاک اور چلڈرن ہسپتال میں 200بیڈز کے ایمرجنسی اور اوپی ڈی بلاک کی بھی سفارشات پیش کی گئیں جبکہ ضلع ملتان خصوصاً شجاع آباد اور جلال پور پیروالا میں عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون کی بھی تجویز دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :