وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات رواں ہفتے سعودی عرب میں متوقع-باضابط طور پر ملاقات طے ہوگئی ہے-ایجنڈے کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی-دفترخارجہ کے ذرائع کی تصدیق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 مئی 2017 16:23

وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات رواں ہفتے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15مئی۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات رواں ہفتے سعودی عرب میں متوقع ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلی ملاقات رواں ہفتے سعودی عرب میں ہوگی۔وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں ہونے والے امریکا و اسلامک سمٹ میں شرکت کے لیے 20 مئی کو ریاض پہنچیں گے جہاں دنیا کے دیگر ممالک کے رہنما بھی موجود ہوں گے۔

نجی ٹی وی نے دفتر خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ اس سمٹ کے دوران نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات طے ہے تاہم حتمی تاریخ، وقت اور ایجنڈے کو فی الحال حتمی شکل نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع ہوگا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار آمنے سامنے ملاقات کریں گے جبکہ اس سے قبل دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوچکی ہے۔

امریکا کا صدر منتخب ہونے کے بعد ٹرمپ اور وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی جس میں نواز شریف نے ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی جبکہ ٹرمپ نے پاکستان کو شاندار ملک قرار دیا تھا۔جبکہ 2011 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ پاکستان ہمارا دوست نہیں ہے۔ ایک عرب جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکا، عرب و اسلامک سمٹ میں شرکت کے لیے ان تمام ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جو دہشت گردی کے خلاف سعودی سربراہی میں قائم ہونے والے عسکری اتحاد کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان بھی دہشت گردی کے خلاف بننے والے اس 41 رکنی اسلامی عسکری اتحاد کا حصہ ہے اور گزشتہ ماہ حکومت پاکستان نے اس اتحاد کی سربراہی کے لیے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا این او سی بھی جاری کیا تھا۔