سرینگر، کشمیری طلباء کے احتجاجی مظاہرے جاری

دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے،دشمن بے مثال عوامی مزاحمت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا پر امن اور سیاسی حل چاہتے ہیں،حریت رہنمائوں کا مشترکہ بیان

پیر 15 مئی 2017 20:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں طلباء نے جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے آج بڈگام ، سرینگر اور دیگر علاقوں کی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے جاری رکھے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں طلباء اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

طلباء نے سڑکوں پر نکل کر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے ۔ فوجیوںنے احتجاج کرنے والے طلباء پر آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ فورسز کی کارروائی میں متعدد طلباء زخمی ہو گئے۔ طلباء کے احتجاج کی وجہ سے متعلقہ علاقوں میں دکانیں بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ سرینگر میں ایس پی کالج کے طلباء اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں ایک پتھر لگنے سے پولیس کا ایک افسر زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آزادی کے مقدس مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ حریت قیادت نے خبردار کیاکہ دشمن بے مثال عوامی مزاحمت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے اور وہ جدوجہد آزادی کے اس نازک مرحلے پر ہماری کسی بھی کمزوری سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، نعیم احمدخان ، میر شاہدسلیم ، مختار احمد وازہ اور جہانگیر غنی بٹ نے اپنے بیانات اور خطاب میں کہاہے کہ بھارت اور اسکے آلہ کار کشمیری نوجوانوں کودیوار کے ساتھ لگا کر انہیں زبردستی مسلح جدوجہد کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا پر امن اور سیاسی حل چاہتے ہیں۔

دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میں پارٹی کی علیل سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔جموںوکشمیر پیپلز کانفرنس نے معروف آزدی پسند رہنماء خواجہ عبدالٖغنی لون کی شہادت کی 15ویں برسی کے سلسلے میںصنعت نگر سرینگر میںبلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا۔جموں کے علاقے ریاسی میں واقع فوجی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی ہے ۔ یہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے میں بھارتی فوجیوں کی خودکشی کا دوسرا واقعہ ہے ۔ جس سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 382ہوگئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :