بھارت کشمیریوں کی جد و جہد آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے بڑے فوجی آپریشن کی تیاری کررہا ہے، نعیم خان

بھارت 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریک اور حالیہ احتجاجی مظاہروں سے بوکھلاہٹ کا شکارہے، نت نئے بہانے تراش کر کشمیرکے حوالے حقائق اور آزادی کی جد و جہد کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتا ہے ،پارٹی اجلاس سے خطاب

پیر 15 مئی 2017 20:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماجموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں جاری جد و جہد آزادی سے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے ایک بڑے فوجی آپریشن کی تیاریاں کررہا ہے تاکہ یہ تاثر دیاجا سکے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردی کا سامنا کررہاہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے کپوارہ میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیر کی جد و جہد آزادی کو بد نام کرنے کیلئے سازشیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا یہ بات اب عالمی برادری پر واضح ہوچکی ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ احتجاجی مظاہروں اور خاص کر 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریک نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے اور وہ اب اسی دبائو کو زائل کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیرکے حوالے حقائق اور آزادی کی جد و جہد کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ نت نئے بہانے ترا ش رہا ہے۔ حریت رہنمانے کہا کہ نئی دلی کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کر ان کوجدوجہد آزادی سے دستبردار کرانا چاہتا ہے جس کیلئے وہ ہر سامراجی حربہ آزما رہا ہے اور اپنی فورسز کو لوگوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے لیکن بھارت کا کوئی ظلم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے سامنے کا رگر ثابت نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم کا ادراک کرتے ہوئے اپنی صفوںمیں اتحاد و اتفاق کو قائم رکھیں۔انہوں نے وادی کشمیر کے طول وعرض میںوسیع پیمانے پر گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ حربے کبھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے سوپور میں درجنوں نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔نعیم خان نے آسیہ اندرابی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کے باوجود انہیںمسلسل سلاخوں کے پیچھے رکھا جارہاہے۔انہوں نے فاروق احمد توحیدی اور بزرگ آزادی پسند رہنما خان سوپوری کی مسلسل نظربندی پر بھی تشویش کا اظہارکیا۔

متعلقہ عنوان :