وزیراعلیٰ پنجاب سے بیجنگ میں سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوںکی ملاقات،چینی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو

سی پیک کی شکل میں آئندہ نسلوں کوبھی بہتر مستقبل کا ورثہ دے کر جائیں گے،شہبازشریف چینی کمپنی کا پنجاب کے ہاؤسنگ سیکٹر خصوصاً کم لاگت کے گھروں کی تعمیرکے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہار

پیر 15 مئی 2017 23:27

وزیراعلیٰ پنجاب سے بیجنگ میں سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوںکی ملاقات،چینی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاک چین دوستی کو وسیع پیمانے پر ٹھوس معاشی اوراقتصادی شکل دی ہے اورسی پیک سے پاک چین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔سی پیک کے اثرات دیرپااورمستقل ہیںاورسی پیک کی شکل میں آئندہ نسلوں کوبھی بہتر مستقبل کا ورثہ دے کر جائیں گے۔

چین اور پاکستان کے حکام وا نتظامیہ سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ٹیم کے طورپر کام کررہے ہیںاوربہترین افہام و تفہیم کے ذریعے دونوں ملکو ں نے سی پیک کو آگے بڑھایا ہے ۔وزیراعلیٰ نے یہ بات بیجنگ میں چینی خبررساں ایجنسی ’’شنہوا‘‘ (Xinhua)کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے تحت انتہائی کم عرصہ میں اہم اہداف حاصل کیے گئے ہیں اورگزشتہ 70برس کے دوران اس سپیڈ سے منصوبوں کی تکمیل کا تصور بھی نہیں کیاگیا،سی پیک کے تحت متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیںاوریہ منصوبے پاکستان کی تعمیر وترقی میں اہم کردارادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دشمن سی پیک کیخلاف سازش کررہا ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پاکستان اورچین کی ویژنری قیادت اس ضمن میں چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے پرعزم ہے اوردونوں ملکوں کی قیادت دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی اورسی پیک دشمن کی ہر سازش کو شکست دے کر آگے کی جانب بڑھتا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈصدر شی جن پنگ کاایک تاریخ ساز منصوبہ ہے اوریہ منصوبہ ترقی،خوشحالی اورامن کی امید ہے اورہم اس شاندار ویژن کی بھر پور حمایت کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اورماحول فراہم کیاگیا ہے ۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بجلی کے منصوبوں کی تکمیل کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ 1320میگاواٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے اوراس منصوبے کاافتتاح رواں ماہ وزیراعظم محمد نوازشریف کریںگے ،اسی طرح بھکی گیس پاور پراجیکٹ سے بھی 717میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے اوریہ منصوبہ ریکارڈ مدت میںبجلی فراہم کررہا ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت کا جو معیار متعارف کرایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔یہی وجہ ہے کہ آج دنیا پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کی معترف ہے اورکرپشن میں نمایاں کمی کا اعتراف کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ چینی سرمایہ کار پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کا ری کریں اورکاروباری مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوںنے الگ الگ ملاقات کیں۔

وزیراعلیٰ نے سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے اورپنجاب حکومت اورچین کی متعدد کمپنیوںمیں بہترین اشتراک کار موجود ہے۔پنجاب حکومت اورچینی کمپنیوں کے مابین بڑھتا ہوا تعاون پاکستان اورچین کے اقتصادی تعاون میں فروغ کا باعث بن رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔

پاکستان میںاربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوںکو شفافیت اورتیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے بعد ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھاگیا ہے اورپاکستان اورچین کے بے مثال تعلقات کو سی پیک نے نئی جہت دی ہے۔ چین کے اقتصادی پیکیج سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس وقت پاک چین دوستی کے نغمے پوری دنیا میں گونج رہے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کاپاکستان کی تعمیر وترقی میں تعاون لائق تحسین ہے اورپاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنانے میں سی پیک اہم کردارادا کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دیانت، امانت اور شفافیت کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس کا نظارہ ماضی میں نہیں ملتا۔چین نے اس وقت پاکستان کیساتھ دوستی کا حق ادا کیا جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میںچینی سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کیلئے ہر طرح کی سہولتیں دیں گے اورمیں پنجاب میں چینی تعاون سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔متعدد چینی کمپنیاں پاکستان خصوصاًپنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔

آئیں پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں ،آپ کی ہر طرح معاونت کریںگے۔پنجاب کی تعمیر وترقی میں آپ کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب سے بیجنگ میں چین کی ہاؤسنگ سیکٹر کی معروف کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت کمپنی کے صدر ڈنگ جیان وائی(Mr.Ding Jian Wei)کررہے تھے ۔چینی کمپنی نے پنجاب کے ہاؤسنگ سیکٹر خصوصاً کم لاگت کے گھروں کی تعمیرکے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہارکیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت فلاح عامہ کے مربوط ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔لوگوں کو اپنی چھت کا احساس تحفظ دلاتا ہے ۔ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں آشیانہ سکیم شروع کی جس کو بہت زیادہ پذیرائی ملی۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں کم آمد ن والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی اشد ضرورت ہے ۔

پنجاب حکومت نے کم آمدن والے طبقات کو گھروں کی فراہمی کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ہمیں خوشی ہوگی کہ چینی کمپنی اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے ،جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے۔انہوںنے کہا کہ کم آمد ن والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کوانتہائی پیشہ وارانہ اور تیزی سے آگے بڑھانا ہوگااورہم کم آمد ن والے طبقا ت کو چھت کی فراہمی کیلئے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اوراس ضمن میں ہر ممکن سہولتیں دیںگے۔

چینی وفد کے سربراہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب میں کم لاگت والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اوراس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ شراکت داری کوفروغ دیں گے۔صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔