سرگودھا,صوبے کی چار سرکاری جامعات میں مستقل وائس چانسلرز لگانے کی سمری التوا کا شکار

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے 10 روز گزرنے کے بعد بھی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال نہیں کی

پیر 15 مئی 2017 23:18

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2017ء) سرگودھاسمیت صوبے کی چار سرکاری جامعات میں مستقل وائس چانسلرز لگانے کی سمری التوا کا شکار ہوگئی، محکمہ ہائرایجوکیشن نے 3 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوائی تھی مگر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی نے 10 روز گزرنے کے بعد بھی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال نہیں کی، اس حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کی اجازت کے بعد صوبے کی چار سرکاری جامعات میں مستقل وائس چانسلرز لگانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جن میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سرگودھا اور نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں، محکمے کی جانب سے وائس چانسلرز کی سمری تین مئی کو وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی تھی تاہم 10 روز گزرنے کے بعد رضا علی گیلانی نے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو نہیں بھجوائی، ذرائع کے مطابق گزشتہ برس ہائیکورٹ میں کیس شروع ہونے سے قبل چار میں سے دو یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز فائنل کرلئے گئے تھے اورسرچ کمیٹی نے دونوں وائس چانسلرز کے تقرری کی منظوری دے دی تھی مگر کیس میں عدالت میں شروع ہونے کے باعث عین وقت پر دونوں وائس چانسلرز کی تقرری کا نوٹیفکیشن روکا گیا تھا، مزید برآں ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں دونوں وائس چانسلرز کے نام فائنل کئے جانے کا ریکارڈ موجود ہے اور عدالت عالیہ نے سرچ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی تھی جبکہ محکمہ ہائرایجوکیشن کی جانب سے اب بھجوائی جانے والی سمری میں بھی دونوں کی تقرری کی سفارش کی گئی ہے مگر اس کے باوجود سمری کو وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوانے میں تاخیر برتی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :