آسٹریلیا کی ہائی کمشنر نے آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے سابق طالب علموں کے پاکستانی شاخ کا آغاز کردیا

بدھ 17 مئی 2017 16:30

آسٹریلیا کی ہائی کمشنر نے آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے سابق طالب ..
اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے سابق طالب علموں کے پاکستانی شاخ کا آغاز کردیا، کرٹن یونیورسٹی کے طلباء پبلک ، پرائیویٹ اور غیر منافع بخش شعبوں میں اعلیٰ اور بااثر عہدوں پر کام کررہے ہیں جن میں سے 600 سے زائد سابق طالب علم پاکستان میں مقیم ہیں ۔

پاکستان میں سابق طلباء کی پاکستانی شاخ کے ممبران نوجوان گریجویٹس میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے پاکستان میں کرٹن یونیورسٹی آسٹریلیا اور موجودہ اور ممکنہ آجروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ یہ سابق طلبہ پاکستانی تعلیمی اداروں کو کرٹن یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے بھی کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہائی کمشنر ایڈمسن نے آسٹریلیا میں رہنے والے اور زیر تعلیم پاکستان طالب علموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط عوامی رابطوں کی علامت قرار دیا ہے اور کہاہے کہ وہ کرٹن یونیورسٹی کے سابق طالب علموں کے اس باب کے منتظمین کو مبارکباد دیتی ہیں اور پاکستان میں آسٹریلوی سابق طلباء کے نیٹ ورک کی توسیع کے لئے اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہیں ۔

کرٹن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈیبورا ٹیری نے بھی اس اقدام کو سراہا۔ کرٹن یونیورسٹی کے پاکستانی سابق طلباء کی ایک بڑی تعداد ٹیلی کام ، بینکنگ اور ترقی کے شعبوں کے رہنمائوں اور اداروں نے اسلام آباد میں لانچ کی تقریب میں شرکت کی۔