کمشنر میرپور سے بوہرہ کمیونٹی کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد کی ملاقات،ٹورازم ،اندسٹریزکے فروغ ،ترقی بارے بریفنگ دی گئی

آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،حکومت سرمایہ کاروںکو تمام سہولیات کی فراہمی ،مکمل تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، سردار ظفر محمود خان

بدھ 17 مئی 2017 20:29

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2017ء)کمشنر میرپور ڈویژن سردار ظفر محمود خان سے بوہرہ کمیونٹی کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور انصر یعقوب ، جائنٹ ڈائریکٹر انڈ سٹری زاہد انجم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر میرپور ڈویژن سردار ظفر محمود خان نے وفد کو میرپور ڈویژن میں ٹورازم اور اندسٹریزکے فروغ اور ترقی کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروںکو تمام سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ خطہ میں خوشحالی آئے۔

سی پیک کے حوالے سے کمشنر میرپور ڈویژن سردار ظفر محمود خان نے بتایا کہ پاکستان کے علاوہ آزادکشمیر میں نواں صنعتی زون قائم کیا جا رہا ہے جس کے باعث یہاں نئی صنعتیں لگانے اور وسیع سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہونگے۔ آزادکشمیرمیں امن وامان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ حکومت آزادکشمیر آزادخطہ سے بے روز گاری اور غربت کے خاتمہ کے لیے بیرونی سرمایہ کاروں کوصنعتوں کے قیام کے لیے ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انھیں ٹیکسوں میں بھی ریلیف دے رہی ہے۔