ملک کی 70 ویں سالگرہ بھرپور انداز میں منائی جائے گی ،اس موقع پر تحریک پاکستان سے لیکر اب تک کے حالات کو بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا، قومی نشریاتی ادارہ لوگوں کو بروقت اور درست معلومات کے ساتھ مستقبل کی مثبت سوچ اور اعتماد دیتا ہے، وزیر اعظم اور وزیرمملکت اطلاعات پی ٹی وی کو تکنیکی اور نشریاتی طور پر مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیںبچوں کیلئے سرکاری ٹی وی چینل کا آغاز جلد کیا جائے گا

وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات سردار احمد نواز سکھیرا کاٹی وی انٹرویو

بدھ 17 مئی 2017 23:33

ملک کی 70 ویں سالگرہ  بھرپور انداز میں منائی جائے گی ،اس موقع پر تحریک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء) وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا ہے کہ بھرپور انداز میں قیام پاکستان کی70ویں سالگرہ منائی جائے گی اوراس موقع پر تحریک پاکستان سے لیکر اب تک کے حالات کو بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا، وزیر اعظم محمدنواز شریف اور وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پی ٹی وی کو تکنیکی اور نشریاتی طور پر مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں، قومی نشریاتی ادارہ لوگوں کو بروقت اور درست معلومات کے ساتھ مستقبل کی مثبت سوچ اور اعتماد دیتا ہے، بچوں کے لئے پی ٹی وی کے چینل کا آغاز جلد کیا جائے گا ۔

بدھ کو ایک ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو بروقت اور درست معلومات کے ساتھ ایسی تفریح فراہم کرے جسے پورا گھرانہ ایک ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں مثبت سوچ کے ساتھ اعتماد کی فضا کو قائم کرنا ہے۔

سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پی ٹی وی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے خواہش مند ہیں جس میں تکنیکی صلاحیت اور سکرین کو بہتر بنانا شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی پورے پاکستان سمیت دنیا کی131 ممالک میں دیکھا جاتا ہے، کشمیر،فاٹا اور بلوچستان سمیت دیگر دوردراز کے علاقوں میں نشریات کو بہتر بنانے کے لئے جدید نئے بوسٹرز لگائے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ مقابلے کا دور ہے جہاں پرائیویٹ چینلز بھی میدان میں ہیں اور لوگوں کو یہ اختیار حاصل ہے کہ جہاں سے بہتر ،بروقت اور درست معلومات حاصل ہو اس چینل کو دیکھیں، ہم پی ٹی وی کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے جدید خطوط پر گامزن کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب بچوں کے لئے ایک خصوصی چینل شروع کرانے میں مصروف عمل ہیں اور بہت جلد بچوں کے لئے بھی ایک چینل کا اجراء کیا جائے گا تاکہ مستقبل کے معماروں کی بہتر انداز میں تربیت کی جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں مزید بہتری لانے کے لئے پی ٹی وی اکیڈمی میں پرڈیوسرز،کیمرہ مین، لائٹ مین اور سیٹ ڈیزائنرز کو جدید تربیت دی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے ڈراموں، مذاکروں، مشاعروں اور دیگر پروگراموں کو پوری دنیا میں اہمیت دی جاتی ہے اور ہم اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی وی کو جدید بنانا چاہتے ہیں۔

پرائیویٹ ڈرامہ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنے ڈرامے بنا رہا ہے تاہم اگر پرائیویٹ پروڈکشن کے ڈرامے معیاری ہوں تو انہیں د کھانے میں کوئی حرج نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی ا پنے ناظرین کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلش اور اردو پروگرام ترتیب دیتا ہے تاکہ اندرون اور بیرون ملک غیرملکی افراد کی دلچسپی برقرار رہے۔ آزادی کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ناظرین کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور انداز میں قیام پاکستان کی سالگرہ منائی جائے گی اور اس موقع پر تحریک پاکستان کی جدوجہد سے لے کر آج تک کے پاکستان ، قدرتی معدنیات، وسائل ، علاقائی رسم ورواج، روایتی اقدار، ڈرامہ، مزاحیہ پروگرام، سپورٹس، اورسیاست سمیت رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :