ترشاوہ باغات کی موسم گرما میں خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت

جمعرات 18 مئی 2017 14:24

ترشاوہ باغات کی موسم گرما میں خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2017ء) ملک بھر میں ترشاوہ پھلوں میں کینو کاحصہ 79فیصد سے بھی زائد ہو گیا ہے جس کی وجہ سے باغبانوں کو اہم برآمدی پھل ہونے کے باعث کینو اور دیگر ترشاوہ باغات کی موسم گرما میں خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ ترشاوہ پھل رقبے اور پیداوار کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہیں اس لئے ان کو پیداوار اور اعلیٰ خاصیت کے لحاظ سے برداشت کے مرحلہ تک کامیابی سے لے جانا اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ ترشاوہ پھلوں میں کینو انتہائی اہمیت کاحامل ہے مگر دوسرے ترشاوہ کی اقسام و اہمیت کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ انہو ں نے بتایاکہ موسم گرما میں درجہ حرارت بڑھ جانے کے باعث احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے سے پھل کیرے کاشکار ہو کرمجموعی پیداوار میں کمی کا سبب بن سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کیلئے مثالی درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے تاہم 40ڈگری سینٹی گریڈ سے اضافی درجہ حرارت کے دوران پودوں اور زمین سے نمی کا اخراج زیادہ ہونے کے باعث پتے اپنا پھیلائو برقرارنہیں رکھ سکتے اور پیلاہٹ کاشکار ہو جاتے ہیں۔

اس طرح ان میں نشاستہ یعنی خوراک بنانے کا عمل بذریعہ ضیائی تالیف ٹھیک نہیں رہتا لہٰذا نشوونما کے مرحلہ سے گزرتے ہوئے پھل کاسائز کم رہ جاتاہے جس سے مقدار جوش میں بھی کمی ہوتی ہے اور آنکھوں کے خشک ہونے کا احتمال بڑھ جاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ باغبان ماہرین زراعت کی ہدایات کے مطابق موسم گرما میں ترشاوہ پھلوںکے باغات کی دیکھ بھال یقینی بنائیں تاکہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے بہتر پیداوار سمیت اچھی خاصیت کا پھل حاصل کیاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :