کپاس اگائو معیشت بڑھائومہم کا آغاز

جمعرات 18 مئی 2017 15:21

کپاس اگائو معیشت بڑھائومہم کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2017ء)محکمہ زراعت نے کپاس اگائو معیشت بڑھائو مہم شروع کر دی ہے۔ اس مہم کے تحت کاشتکار کپاس کی کاشت جلد از جلد مکمل کرلیں۔ ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم کے مڈھوں کو زمین میں دفن کرنے کے لئے ڈسک ہیرو چلائیں تاکہ زمین کی زرخیزی بڑھائی جا سکے۔ پانی اور اجزائے خوراک کی یکساں تقسیم اور پانی کی بچت کے لئے لیزر لیولر کا استعمال کریں۔

صحت مند بیج کے اگائو کے لئے منظور شدہ اقسام اور بلحاظ علاقہ تصدیق شدہ بیج کاشت کریں۔ کاشت سے قبل کپاس کے بیج کا بُر اتار لیں جس سے بیج کی کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور پودا بہت سی بیج میں موجود بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ بیج کو کیڑے مار اور پھپھوندی کش زہر لگا کر کاشت کریں تاکہ زمین سے بیج سے پیدا کردہ بیماریوں سے بچا جا سکے جس کے لئے امیڈاکلورپرڈ 70WSبحساب 5گرام فی کلوگرام بیج یا تھایا میتھوگزام 70WSبحساب 3گرام فی کلوگرام بیج اور سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر استعمال کیرں۔

(جاری ہے)

اس طرح نوزائیدہ پودے کیڑوں اور بیماریوں سے 25دن تک محفوظ ہو جائیں گے۔ پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کے لئے کھیلیوں پر کاشت کریں اور اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کھیت میں پودے کا پودے سے فاصلہ 9انچ تک رکھیں اور کوشش کریں کہ مئی کے مہینے میں پودوں کی فی ایک تعداد 23تا 35ہزار ہو۔