صوبہ پنجاب اور چین کے شمالی ساحلی شہر تیانجن کے درمیان اساتذہ کی تربیت، نصاب ا ور تخلیقی مرکز کے حوالے سے تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط

جمعرات 18 مئی 2017 17:08

صوبہ پنجاب اور چین کے شمالی ساحلی شہر تیانجن کے درمیان اساتذہ کی تربیت، ..
بیجنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2017ء) صوبہ پنجاب اور چین کے شمالی ساحلی شہر تیانجن کے درمیان اساتذہ کی تربیت، نصاب ا ور تخلیقی مرکز کے حوالے سے تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں، یہ معاہدے پنجاب حکومت کے ادارے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور تیابخن ماڈرن ووکیشنل کالج اور تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن کے درمیان طے پائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں تعاون کے معاہدوں بارے مثبت توقعات کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تیانجن میں صنعتوں کا فروغ اور یہاں کی ووکیشنل ایجوکیشن بہترین ہیں اور ان معاہدوں کے نتیجہ میں تعاون سے پنجاب کے عوام خوشحال ہوں گے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے پورے پاکستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 16سے 30سال کے درمیانی عمر کے افراد کی آبادی کل آبادی کا 30فیصد ہے اور انہیں ووکیشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصہ تک بے روزگاری اور صنعتی شعبہ کی سست روی سے ترقی سے دوچار رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بجلی کی پیداوار کے چینی منصوبوں سے نئی امید پیدا ہو گئی ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند تر اور سمندر سے بھی گہری ہے۔ اس موقع پر تیانجن میونسپل کمیٹی کے سیکرٹری لی ہونگ زونگ نے ایک وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات بھی کی۔

متعلقہ عنوان :