مودی کا عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار ، سشماسوراج کا شکریہ اداکیا

ہمارے وکیل نے کیس کی ایک روپیہ فیس لی، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ کلبھوشن کے خاندان اور بھارتی عوام کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے ،وزیراعظم مودی کی قیادت میں اپنے سابق نیوی افسر کو بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،بھارتی وزیر خارجہ

جمعرات 18 مئی 2017 18:12

مودی کا عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار ، سشماسوراج ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ سشماسوراج کا شکریہ اداکیا،بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ کلبھوشن کے خاندان اور بھارتی عوام کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے ،وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم اپنے سابق نیوی افسر کو بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔سرکاری خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وزیر خارجہ سشمار سوارج سے بات کرتے ہوئے نریندرمودی نے انکا شکریہ ادا کیا اور عدالت میں کیس کے دلائل دینے پر سینئر وکیل ہریش سالوے کی کوششوں کی تعریف کی۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ کلبھوشن یادوکے خاندان اور بھارتی عوام کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم اپنے سابق نیوی افسر کو بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔