آم کی بہتر طریقہ سے برداشت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیکنگ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز

جمعرات 18 مئی 2017 19:04

آم کی بہتر طریقہ سے برداشت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیکنگ یقینی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2017ء)رواں سال کے دوران آئندہ سیزن میں پاکستان سے مختلف ممالک کو آم کی برآمد کے ہدف میںکوئی کمی بیشی نہیں کی گئی ہے جبکہ پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث مالیت کے ہدف میں 50لاکھ ڈالر کااضافہ کردیاگیا ہے نیززیادہ سے زیادہ برآمد یقینی بنانے کیلئے آم کی بہتر طریقہ سے برداشت، مناسب درجہ بندی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیکنگ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کابھی آغازکردیاگیاہے۔

پاکستان مینگو ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ آم کی فصل پک کر تیاری کے آخری مراحل میں ہے جبکہ بعض مقامات پر آم مارکیٹ میں بھی آچکا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال آم کا برآمدی ہدف پونے 3لاکھ ٹن مقررکیاگیاتھا جبکہ اس سال بھی اس ہدف میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ قبل ازیں آم کی برآمدڈ سے زرمبادلہ کے حصول کاہدف 9کروڑ ڈالر تھا تاہم اس بار پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث یہ ہدف 50لاکھ ڈالر اضافے کے ساتھ ساڑھے 9 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ چونکہ پاکستان کا اعلیٰ معیار ، خوشنما شکل و صورت اور بہترین لذت و مٹھاس کاحامل آم دنیا بھرمیں انتہائی پسند کیاجاتاہے لہٰذا اگر آم کی مناسب انداز میں برداشت ، درجہ بندی اور پیکنگ کرلی گئی تو مقررہ ہدف با آسانی پوراکرلیاجائیگا۔