اپوزیشن نے قومی معاملات میں ہمیشہ حکومت کاساتھ دیا،چودھری محمد یٰسین

حکومت نے سوتیلا سلوک کر کے اپوزیشن کودیوار سے لگایا، فاروق حیدرنے بدترین انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے ہمارے حلقوں کے ترقیاتی فنڈز ہارے ہوئے افراد کو دیئے حکومت ہمارے دور کا احتساب ضرور کرے لیکن اس آڑ میں انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی، قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر

منگل 23 مئی 2017 16:46

اپوزیشن نے قومی معاملات میں ہمیشہ حکومت کاساتھ دیا،چودھری محمد یٰسین
سٹوک ان ٹرینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین نے کہاہے کہ اپوزیشن نے قومی معاملات میں ہمیشہ حکومت کاساتھ دیا، لیکن حکومت نے اپوزیشن کیساتھ سوتیلا سلوک کر تے ہوئے اسے دیوار سے لگایا، راجہ فاروق حیدر خان نے اپوزیشن کیساتھ بدترین انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے ہمارے حلقوں کے ترقیاتی فنڈز ہارے ہوئے افراد کو دیئے ،حکومت ہمارے دور کا احتساب ضرور کرے لیکن احتساب کی آڑ میں انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔

جب تک حکومت اپنی روش سے باز نہیں آتی اس وقت تک اپوزیشن اسمبلی کے اندر نہیں جائے گی اور اسمبلی کے باہر عوامی اسمبلی منعقد کرے گی۔ وہ آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت اپوزیشن کے منڈیٹ کا احترام کریگی تو ہم بھی حکومت کے مینڈیٹ کااحترام کرینگے ۔ جب اپوزیشن کیساتھ بدترین انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے ہمارے مینڈیٹ کااحترام نہیں کیاجائے گاتو اپوزیشن اسمبلی کے اندر بیٹھنے کے بجائے اسمبلی کے باہر بجٹ اجلاس منعقدکریگی ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے ہمیشہ ریاستی مفادات اور تحریک آزادی کشمیر کو اولیت دی لیکن یہ حکومت ان تمام معاملات کو پس پشت ڈالتے ہوئے انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے ۔ راجہ فاروق حید رخان خود جس اشیانہ نازک پر بیٹھے ہیں۔ان کواس بات کاخیال رکھنا چائیے کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں جمہوریت کیلئے لازم وملزوم ہیں آزادکشمیر میں کوئی بادشاہی سسٹم نہیں ہے لہذا فاروق حیدر خان بادشاہی سسٹم سے نکلیں اور جمہوری قدروں کوفروغ دیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر اسمبلی کااجلاس منعقد ہوا۔لیکن اس حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے حالات کے بارے میں بحث کرنے اور قرارداد پیش کرنے کے بجائے میاں نوازشریف کے حق میں قراردادادیں پیش کیں۔یہ وہی میاں نوازشریف ہیںجنہوں نے دورہ مظفرآباد کے دوران مقبوضہ کشمیر کے معاملات پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔میاں نوازشریف جندال کے ذریعے اپنی دوستیاں پکی کررہے ہیں۔

آزادکشمیر کی حکومت نے میاں نوازشریف کے حق میں قراردادیں پیش کرکے اس پار کیا پیغام بھیجاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت نہ تو آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادکشمیر کے معاملات پر سنجیدہ ہے ۔ اپوزیشن نے ہمیشہ قومی معاملات پر حکومت کا ساتھ دیا۔ لیکن حکومت نے اپنے 10 ماہ کے دوران جوانتقامی کارروائیاں کی ہیں۔

اس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ حکومت اپوزیشن کیساتھ انتقامی سلوک کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور حکومت میں اتنی بڑے اپوزیشن کو حکومتی ممبران کے مساویانہ فنڈز دیئے لیکن موجودہ اسمبلی میں اس ننھی منھی اپوزیشن کوبھی قبول کرنے پر تیار نہیں ہے ۔ اس لیے اپوزیشن کامتفقہ فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے سامنے سلنڈر نہیں کرینگے اور بجٹ اجلاس اسمبلی کے اندر نہیں باہر کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :