دنیا کی آبادی کی اکثریت آزادی کی نعمت سے بہر مند جبکہ کشمیر کا ایک بڑا حصہ دشمن کی غلامی میں ہے جہاں قابض افواج تعلیمی اداروں میں توڑ پھوڑ کر رہی ہیں‘ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ، سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپنے بھائیوں کے دکھ درد کو دنیا کے سامنے اُجاگر کریں

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 17:10

دنیا کی آبادی کی اکثریت آزادی کی نعمت سے بہر مند جبکہ کشمیر کا ایک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا کی آبادی کی اکثریت آزادی کی نعمت سے بہر مند ہیں جبکہ کشمیر کا ایک بڑا حصہ دشمن کی غلامی میں ہے جہاں قابض افواج تعلیمی اداروں میں توڑ پھوڑ کر رہی ہیں‘ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ، سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپنے بھائیوں کے دکھ درد کو دنیا کے سامنے اُجاگر کریں۔

وہ سیکنڈ کانووکیشن 2017ء نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم میں لڑکوں اور لڑکیوں کا تعلیمی میدان میں تناسب خوفناک حد تک بگڑ چکا ہے‘ لڑکیاں ہر شعبہ میں لڑکوں کی نسبت آگے بڑھ رہی ہیں‘ لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم میں ایک بڑا فرق معاشرے میں بڑے بگاڑ کو جنم دے گا ‘ اساتذہ اور والدین لڑکوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل کے اہداف حاصل کئے جاسکیں لڑکے زیادہ محنت کر کے اپنا مستقبل بہتر بنائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی ڈاکٹر رسول جان ، وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی ڈاکٹر راجہ حبیب الرحمان، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین ، ڈاکٹر محمد حلم خان وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی ، وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام غوث اور دیگر تعلیمی آفیسران نے شرکت کی ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعودخان/ چانسلر نے 27 ہونہار طلبہ و طالبات میں گولڈ مڈل دینے کے بعد اپنے خطاب میں واضح کیا کہ آزاد کشمیر آئندہ دس سالوں میں تعمیر و ترقی کے عروج پر ہو گا ۔

ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے نمایاں اور روشن امکانات موجود ہیں ۔ صرف معیار تعلیم کو بہتر کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کا فرض ہے کہ وہ اپنے والدین کا احترام کریں ۔ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں رہیں۔ ایمانداری اور بے خوفی سے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی شرح خواندگی کو بہتر بنانے کے لیے نوجوانوں کو تعلیم میں بہتری پیدا کرنا ہو گی ۔ اس موقع پر آزاد کشمیر پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے بھی خطاب کیا اور صدر آزاد کشمیر کو شیلڈ پیش کی۔ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین کو اُن کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں صدر آزاد کشمیر نے شیلڈ پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :