محکمہ لائیوسٹاک اوریوایس ایڈ کی جانب سے منہ کھر ویکسین پروڈکشن سے متعلق تقریب کاانعقاد

منگل 23 مئی 2017 18:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ویژن کے مطابق پنجاب بھرمیںمویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پرلائیوسٹاک سروسز بہتر طرز سے فراہم کرنامحکمہ لائیوسٹاک کی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلہ میں منگل کو منہ کھرویکسین کی پیداوار کے بارے میں مطالعاتی رپورٹ کے لیے ایک تقریب کااہتمام کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینئرایڈوائزر برائے وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ احمدحسان تھے۔

تقریب میں یوایس ایڈکے اہلکاران ، محکمہ لائیوسٹاک کے افسران اور ان کے علاوہ لائیوسٹاک سیکٹرکے سٹیک ہولڈرز اورویٹرنری ریسرچرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر یوایس ایڈ کے آفیشل لیون واسکن نے کہاکہ امریکہ پاکستان کی زرعی اقتصادیات میںلائیوسٹاک سیکٹر کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، لائیوسٹاک سیکٹرمیں بیماریوں کا پھیلائو نہ صرف بڑے پیمانے پر پیداواری نقصان کی وجہ ہے بلکہ مویشی پال حضرات کے روزگارکو بھی متاثر کرتاہے، اس پارٹنرشپ سے منہ کھرکے حفاظتی ٹیکہ کی پاکستان میں تیاری کوممکن بنانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی جس کے تحت سالانہ 40ملین ٹیکوں کی تیاری کویقینی بنایاجائے گا، خواجہ احمدحسان نے کہاکہ اس تقریب کا بنیادی مقصد محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کا یوایس ایڈ پنجاب انیبلنگ انوائرمنٹ پراجیکٹ کے تعاون سے جدیدٹیکنالوجی اپناکرجانوروںکی مختلف بیماریوںپرقابو پاناہے اور اس کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر منہ کھرکی ویکسین تیارکرنا اور لائیوسٹاک پالیسی پر بہترطرز سے عملدرآمدکراناہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ محکمہ لائیوسٹاک اوریوایس ایڈ کے اشتراک سے مویشی پال حضرات کو لائیوسٹاک سروسز کی فراہمی بہترہوسکے گی،یادرہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں مویشی پال حضرات کے جانوروں کومفت منہ کھرویکسین کے حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں نیز بیماری سے متعلقہ الائزہ ٹیسٹ برائے منہ کھر کے لیے 2لیبارٹریاں بھی قائم کی جاچکی ہیں جن سے اس بیماری کی تشخیص اورعلاج میں سہولت ہوگی جس سے منہ کھر وائرس کی قسم کے مطابق ویکسین تیارکی جاسکے گی، اس اشتراک سے مویشی پال حضرات کی معاشی زندگی کوبہتربناکر دودھ اورگوشت کی پیداوارمیںاضافہ کیاجاسکے گا۔