ایگریکلچر کو آپرٹیو سوسائٹیز کے ذمے واجب الادا قرضوں کی وصولی کاہدف 30 جون سے قبل مکمل کیا جائے، چوہدری حسن عباس

منگل مئی 18:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2017ء) ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی ڈویژن چوہدری حسن عباس نے کو آپریٹو آفسران پر زور دیا ہے کہ ایگریکلچر کو آپرٹیو سوسائٹیز کے ذمے واجب الادا قرضوں کی وصولی کاہدف 30 جون سے قبل مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے منگل کو راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ رجسٹرارضلعی و تحصیل سطح پرتعینات کوآپریٹو افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سکریٹری کو آپریٹوز شہر یار سلطان کی ہدایات پر ضلع راولپنڈی ، اٹک ، جہلم اور چکوال میں کو آپریٹوقرضوں کی وصولی مہم تیز کر دی گئی ہے اوراس سلسلے میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں محکمہ امدادباہمی پنجاب کے ضلعی سربراہ کے طور پر خدمات سر انجام دینے والے ڈپٹی رجسٹرار کو آپریٹوز کو ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوںمیں ریکوری مکمل کرکے قرضہ کی واپسی یقینی بنا سکیں۔

(جاری ہے)

چوہدری حسن عباس نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن کی اٹھارہ سو زرعی کو آپریٹو سوسائٹیز کے ذمے اس وقت ساڑھے چار کروڑ روپے کے قرضے واجب الادا ہیں جن کی وصولی کے لئے مہم تیز کر دی گئی ہے اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر زرعی اجناس کے پیداوار کے لئے حاصل کئے گئے قرضوں کی واپسی پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ ڈیڈ لائن تک قرضے واپس نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چوہدری حسن عباس نے ہدایت کی کہ تمام کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ متعلقہ سوسائٹیز میں صفائی اور انسداد ڈینگی پر بھرپورتوجہ دیںاور اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس میں شریک کوآپریٹو افسران نے اپنے اضلاع میں زرعی قرضوںکی وصولی کی تفصیلات سے آگا ہ کیا۔