پی ٹی آئی (ن) لیگ کیلئے گلے کی ہڈی ثابت ہو گی ،وزیراعظم اور ان کے درباریوں کو جلد آٹے ، دال کے بھائوکاپتہ چل جائے گا‘صمصام بخاری

منگل 23 مئی 2017 18:26

پی ٹی آئی (ن) لیگ کیلئے گلے کی ہڈی ثابت ہو گی ،وزیراعظم اور ان کے درباریوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹر ی اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہاہے کہ چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ میں منی ٹریل جمع کروا کے وزیراعظم اور ان کے درباریوں کے منہ بند کروا دیئے ہیں، عمران خان کے دشمن بھی جانتے ہیں کہ کرپشن سے ان کا دور دور تک تعلق نہیں ہے ، چیئرمین عمران خان اور جہانگیر خان ترین سپریم کورٹ سے سرخروہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے میں کارٹرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ پرویز مشرف کے جوتے پالش کرنے والے دانیال عزیز اور طلال چوہدری آجکل وزیراعظم کی جھولی میں بیٹھ کر تحریک انصاف کے خلاف زہراگل رہے ہیں ۔ تحریک انصاف (ن) لیگ کے لئے گلے کی ہڈی ثابت ہو گی اور وزیراعظم اور ان کے درباریوں کو جلد آٹے ، دال کے بھائوکاپتہ چل جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی کے فیصلے کے بعد وزیراعظم کے گن گانے والے یہی حواری سب سے پہلے کسی دوسری پارٹی کا رخ کریںگے اور پھر وہاں جا کر اپنی نوکریاں پکی کرنے کے لئے اسی وزیراعظم کو نیچا دکھانے کی کوشش کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کے اقتدار کی کشتی بھنو ر میں پھنس چکی ہے اس میں سے نکلنا ناممکن ہے ۔ سید صمصام علی بخار ی نے کہاکہ تحریک انصاف وزیراعظم اور ان کی فیملی کی کرپشن کو عوام کے سامنے نقاب کرتی رہے گی اور ان کوانصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

متعلقہ عنوان :