کارکنوںکے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ،بلاول ہائوس کا واقعہ نقطہ آغاز ہے‘ سردارحُر بخاری

منگل مئی 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ کارکنوںکے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور بلاول ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں کارکنوں کا پھٹ پڑنا نقطہ آغاز ہے ، کنارہ کشی اختیا رکرنے والے دیرینہ رہنما اور کارکن پارٹی سے ناراض نہیں بلکہ وہ مفاد پرست اورنام نہاد قیادت کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پر کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نہج پر پہنچانے میں حکومت کے ساتھ اپوزیشن بھی برابر کی شریک ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں دونوں کا کڑا احتساب کریں گے۔ بھٹو شہید اور بی بی شہید نے ہمیشہ غریب اور پسے ہوئے طبقات کے مفاد کی سیاست کی لیکن آج مفاہمت کے نام پر ذاتی مفادات کی سیاست کی جارہی ہے جس سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کا احتساب کیا جائے جس پر آج نہیں تو کل ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا