غیر آپریشنل اور فضائی آلودگی کے تجزیے اور نمونوں پر تحقیق کیلئے قائم مرکزی لیبارٹری کو دوبارہ آپریشنل کرنے کیلئے 93.3ملین منظور

منگل 23 مئی 2017 19:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء)گزشتہ سات سال سے غیر آپریشنل اور فضائی آلودگی کے تجزیے اور نمونوں پر تحقیق کیلئے قائم کی گئی ملک کی مرکزی لیبارٹری کو دوبارہ آپریشنل کرنے کیلئے وزارت خزانہ نی93.3ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات کی تجویز اور وزارت ماحولیات کے سیکرٹری سید ابواحمد عاکف کی جانب سے لکھے گئے لیٹر پر غور کرتے ہوئے وزارت خزانہ نی93.3ملین روپے اور 11 آسامیوں پر عملے کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔

تاہم رپورٹس کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت مرکزی لیبارٹری میں لیب ڈائریکٹر،انسپکٹر اور اسسٹنٹ سمیت تین افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہے اور لیبارٹری کے پاس تربیت یافتہ عملہ موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تاہم لیبارٹری کو دوبارہ آپریشنل کرنے کیلئے میکس ٹیک کارپوریشن کو12.7ملین روپے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ تحفظ ماحولیات کی اس مرکزی لیبارٹری کو2007ء میں 13.37ملین روپے کی لاگت اور جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی کی مدد سے مکمل کیا گیا تھا تاہم 2010ء سے یہ لیبارٹری آپریشنل نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ برس جون میں اس لیبارٹری کو دوبارہ آپریشنل کرنے کیلئی18ملین روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں یہ رقم فراہم نہیں کی گئی۔(ولی/سید عواد)