فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی شعبہ انٹومالوجی کے طلباء و طالبات کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ڈاکٹر امجد اولکھ کا تقریب سے خطاب کہ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے جسے وہ اپنی محنت ‘پیشہ وارنہ دلچسپی سے روشن بناسکتے ہیں

منگل 23 مئی 2017 20:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انٹومالوجی میں بی ایس سی ایگرکلچرانٹومالوجی میجر چھٹے سمسٹر کی طرف سے آٹھویں سمسٹرکے طلباء و طالبات کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں ڈین کلیہ زراعت پروفیسرڈاکٹر امجد اولکھ نے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد اولکھ نے تقریب کو خوبصورت شام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ طلباء وطالبات نے دلچسپ و ڈرامائی پرفارمنس کے ذریعے جن مسائل او رمشکلات کا اظہار کیا ہے انہیں حل کرنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں بروئے کا رلائی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے جسے وہ اپنی محنت ‘پیشہ وارنہ دلچسپی اور شغف سے روشن بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹومالوجی سے ہر دور میں اچھے اور معروف اساتذہ کے ساتھ ساتھ باصلاحیت نوجوان آگے آئے ہیں جنہوں نے اپنے ساتھ ساتھ شعبے کا نام بھی روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر محمد جلال عارف نے زوالوجی کے طلباء و طالبات کو انٹومالوجی میں خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ 60ارب روپے کی پیسٹی سائیڈزانڈسٹری میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔

انہوں نے تقریب کے منتظمین ڈاکٹر شاہد مجیداور ڈاکٹر محمد طیب کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انٹومالوجی یونیورسٹی کے 60شعبہ جات میں مسلسل بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے جس میں اساتذہ ‘ سپورٹنگ سٹاف اور طلبہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے شعبہ کے جواں سال اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر وقاص وکیل کی وفاقی حکومت میں ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن تعیناتی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔